مردان: موٹروے پولیس اہلکار اپنی بیوی کے ہاتھوں قتل

شائع June 12, 2025
— فائل فوٹو: ریسکیو 1122
— فائل فوٹو: ریسکیو 1122

خیبرپختونخوا کے شہر مردان کے علاقے میاں خان میں موٹروے پولیس اہلکار کی بیوی نے گھریلو جھگڑے پر اپنے شوہر کو گولی مار کر قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مردان پولیس کے ترجمان فہیم خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ بیزئی تھانے میں شکایت کنندہ سلیم خان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ڈان ڈاٹ کام کو دستیاب ایف آئی آر کی نقل کے مطابق مقتول پولیس اہلکار کے بڑے بھائی سلیم خان نے بتایا کہ ان کا بھائی زبیر خان اپنے کمرے میں سو رہا تھا کہ اچانک گھر میں فائرنگ کی آواز آئی۔

ایف آئی آر میں سلیم خان نے مزید بتایا کہ جب وہ اور ان کی بیوی اندر گئے تو انہوں نے زبیر کی بیوی کو پستول ہاتھ میں تھامے دیکھا جب کہ زبیر خون میں لت پت پڑا تھا، زبیر کو فوری طور پر کتلنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

شکایت کنندہ کے مطابق دونوں میاں بیوی کے درمیان شادی کے بعد سے گھریلو جھگڑے چل رہے تھے اور ان میں اکثر لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا تھا لیکن ان کے درمیان کسی اور قسم کا کوئی تنازع نہیں تھا۔

بیزئی پولیس اسٹیشن نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025