سیالکوٹ: مسیحی نوجوان کو بے دردی سے قتل کرنے والا سابق سب انسپکٹر گرفتار

شائع May 15, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سیالکوٹ پولیس نے کاشف مسیح قتل کیس میں مرکزی ملزم سابق پولیس انسپکٹر کو گرفتار کرلیا، ملزم نے 2 روز قبل موبائل فون کی چوری پر ساتھیوں کے ساتھ اپنے ملازم کو قتل کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ موترہ پولیس نے کاشف مسیح قتل کیس میں مرکزی ملزم سابق پولیس انسپکٹر ملک عرفان کو گرفتار کرلیا ہے، مقتول کاشف مسیح ملزم کے ڈیرے پر ملازم تھا، 2 روز قبل موبائل چوری کے شبہے میں ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مقتول کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، مقدمے کے دیگر 2 ملزمان اریب اور اعجاز نے عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے۔

دریں اثنا پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کو ہائی پروفائل ڈکلئیر کر دیا اور کیس کے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر کسی کے جان مال کی تحفظ کرنا پراسیکیوشن کی ذمہ داری ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مسیحی نوجوان کے قتل کا مقدمہ سیالکوٹ کے تھانہ موترہ میں درج ہے، مقدمے کے مطابق کاشف مسیح کو بہیمانہ تشدد کرکے ٹانگوں میں کیل ٹھونکے گئے، ملزمان نے ڈنڈے سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے کاشف شدید زخمی ہو گیا اور تھوڑی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گیا۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025