• KHI: Sunny 16.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 10.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.7°C
  • KHI: Sunny 16.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 10.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.7°C

لاہور: یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف ’توہین مذہب کے الزامات‘ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

شائع July 16, 2025

سیشن کورٹ لاہور میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہینِ مذہب کا مقدمہ درج کروانے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق معروف یوٹیوبر و ٹک ٹاکر رجب بٹ کے خلاف توہینِ مذہب کے الزامات عائد کرتے ہوئے شہری شہزادہ عدنان نے اپنے وکیل مدثر چوہدری کی وساطت سے سیشن کورٹ لاہور میں درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں مذہبی معاملے پر نامناسب الفاظ استعمال کیے ہیں۔

شہری نے عدالت کو بتایا کہ رجب بٹ کے خلاف این سی سی آئی اے سے رجوع کیا تھا، تاہم مقدمہ درج نہیں کیاگیا، عدالت نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کو رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے جس پر عدالت نے این سی سی آئی اے کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے۔

خیال رہے رواں برس مارچ میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین مذہب اور سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ رجب بٹ نے اپنے پرفیوم برانڈ کے لانچنگ کے وقت ’مذہبی جذبات کو مجروح‘ کیا اور مبینہ طور پر پاکستان کے توہین مذہب کے قانون کا مذاق اڑایا۔

مئی 2025 میں یوٹیوبر رجب بٹ نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عام شہری کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معافی مانگ لی تھی، ویڈیو میں یوٹیوبر کو شہری کی کار میں گھس کر اسے مارتے دیکھا گیا تھا۔

جون 2025 میں ٹک ٹاکر رجب بٹ، مان ڈوگر اور 3 دیگر افراد کے خلاف خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کی درخواست پر اغوا اور ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں اغوا، ریپ ، بلیک میلنگ اور غیر قانونی حبس بے جا کی دفعات شامل کی گئی تھی، پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ ان کی دوستی یوٹیوبر رجب بٹ کے رشتہ دار سلمان حیدر سے ہوئی تھی، خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ سلمان نے نشہ آور چیز کھلا کر نہ صرف ریپ کیا تھا بلکہ اس عمل کی ویڈیو بنا کر بلیک میلنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا تھا۔

شکایت کنندہ نے مزید الزام عائد کیا تھا کہ یوٹیوبر رجب بٹ، مان ڈوگر اور دیگر ساتھیوں نے انہیں نواب ٹاؤن کے ایک گھر میں زبردستی قید میں رکھا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025