’شان ایبٹ پوری طرح ٹوٹ چکے ہیں‘
سڈنی: فل ہیوز کو باؤنسر کروانے والے فاسٹ باؤلر شان ایبٹ اپنی زندگی کی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان کرکٹر کی حالت بہتر ہے۔
سابق آسٹریلوی گیند باز جیسن گلیسپی کے مطابق اس سانحے کے باعث ایبٹ کی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے اور وہ پوری طرح ٹوٹ چکے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتان مارک ٹیلر کا کہنا تھا کہ ایبٹ ساری عمر اس حادثے سے خوفزدہ رہیں گے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلوی اوپنر فلپ ہیوز زندگی کی بازی ہار گئے
’انہیں کسی سوال کا جواب نہیں دینا لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ خود کو قصوروار تصور کررہے ہوں گے اور شاید وہ کافی عرصے تک ایسا ہی محسوس کرتے رہیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایبٹ جلد اس صورت حال سے نمٹنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور ہم انہیں نیو ساؤتھ ویلز اور شاید آسٹریلیا کے لیے بھی کھیلتا دیکھیں۔
مزید پڑھیں: ’ہیوز جدید ترین ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے تھے‘
اکتوبر میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبو کرنے والے ایبٹ کو ییوز کے گیند لگنے کے فوری بعد مدد کے لیے پہنچتے دیکھا گیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکیٹو جیمز سدھرلینڈ نے جمعرات کے روز ان سے بات چیت کی اور کہا کہ ایبٹ جس طرح سے صورت حال سے نمٹ رہے ہیں، وہ ان سے متاثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ غمگین واقعہ مختلف لوگوں پر مختلف طریقوں سے اثر انداز ہوگا جبکہ ایبٹ کو ملنے والی سپورٹ زبردست ہے۔
زیادہ تر کرکٹرز اور شائقین نے ہیوز اور ان کی فیملی سے ہمدردی کا اظہار کیا تاہم ایبٹ کے لیے بھی کچھ لوگوں نے حوصلہ افزا الفاظ ادا کیے۔