Dawn News Television

شائع 12 اکتوبر 2015 02:08pm

’اس بار بھی دھاندلی سے بچنے کیلئے تیار نہ تھے‘

لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں شکست اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 میں فتح کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہم نے این اے 122 میں شکست کے باوجود حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)، سرکاری مشینری اور صوبائی الیکشن کمیشن کو چیلنج کرکے اخلاقی فتح حاصل کرلی ہے.

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اس سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی۔

ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بار بھی مسلم لیگ (ن) کی دھاندلی سے بچنے کے لیے تیار نہ تھے تاہم آئندہ انتخابات میں ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر دھاندلی کے تمام طریقوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے ووٹ منتقل کیے جانے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جس کے مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : این اے -122: ن لیگ سخت مقابلے کے بعد کامیاب

انہوں نے این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرکاری مشینری کے سامنے سخت مقابلہ کیا۔

واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 122 میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 76 ہزار 204 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان ضمنی انتخاب میں 72 ہزار 43 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

ایاز صادق کی فتح پر لیگی کارکنوں نے خوب جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

Read Comments