Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2017 12:59pm

سرفراز کی وطن واپسی ٹیم کے لیے دھچکا ہے:انضمام

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ سلمان بٹ اور محمد آصف کی ڈومسٹیک کرکٹ میں کارکردگی خوش آئند ہے جبکہ سرفراز کی واپسی کو قومی ٹیم کے لیے دھچکا قرار دے دیا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں اسلام آباد میں ریجنل کوچز کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ مشتاق احمد سمیت دیگر شامل تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق انضمام کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ کی کارکردگی پر ہماری خصوصی نظر ہے اور قومی ٹیم میں ان کی واپسی اچھا اضافہ ہوگا۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد آصف اور سلمان بٹ سے متعلق معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد والدہ کی علالت کے باعث پاکستان واپس آچکے ہیں جس کو انضمام نے قومی ٹیم کے لیے ایک دھچکا قرار دیا۔

مزید پڑھیں: والدہ کی علالت کے باعث سرفرازاحمد کی وطن واپسی

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو سرفراز کی کمی محسوس ہو گی لیکن ٹیم کو میں نے ان کا متبادل دے دیاہے اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پہلے سے ہی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔

انضمام نے کہا کہ اگر ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں میں کامران اکمل کو طلب کیا تو بھیج دیں گے۔

ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد قوم افسردہ ہے اور اس پر سب تنقید کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کی آسٹریلیا الیون کے خلاف بہترین بلےبازی

سابق کپتان نے کہا کہ اپنی کنڈیش میں میزبان ٹیم ہمیشہ فائدہ اٹھاتی ہے اور ہم نے بھی آسٹریلیا کو دبئی میں وائٹ واش کیا تھا۔

خیال رہے کہ مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد کرکٹ سے کنارہ کشی کا عندیہ دیا تھا بعدازاں انھوں نے اس بیان کو جذباتی قرار دیتے ہوئے اپنے فیصلے کو موخر کرنے کا کہا تھا تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تاحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جارہا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ 'مصباح ایک اچھے کپتان ہیں اور ان کی وطن واپسی پر ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بیٹھ کر بات چیت کریں گے'۔

2007 میں کرکٹ کو الوداع کہنے والے سابق کپتان نے کہا کہ 'ہمیں کھلاڑیوں کو عزت دینی چاہئیے'۔

پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک روزہ سیریز کا آغاز 13 جنوری کو ہوگا۔

Read Comments