Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2017 09:07pm

'10 ارب کی پیشکش کرنے والا لاہور میں رہتا ہے'

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان شہر قائد کے مسائل پر آواز بلند کرنے کے لیے کراچی پہنچ گئے جہاں وہ مزار قائر پر ہونے والی خصوصی واک میں شرکت کریں گے۔

کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن، وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیریئنز کے صدر آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف اپنی دولت بچانے کے لیے ملک کو داؤ پر لگارہے ہیں جبکہ انہوں نے وزیراعظم پر یو ٹرن لینے اور جھوٹ بولنے کا بھی الزام عائد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما کیس: 'حکومت نے خاموش رہنے کیلئے 10 ارب روپے کی پیشکش کی'

انہوں نے کہا کہ جس دن نواز شریف کمزور محسوس ہوئے لیگی کارکن خود چھرا گھونپ دیں گے، ن لیگ صرف پیسہ بنانے والوں کی پارٹی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'موٹو گینگ کو کھانے کو نہ ملے تو نواز شریف کو چھوڑ جائیں گے، پچھلے 30 سال سے نواز شریف نے رشوت دینے کے سوا کچھ نہیں کیا'۔

بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کے دورہ پاکستان کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ' جندال خفیہ دورے پر پاکستان آیا تھا۔

مزید پڑھیں: 10 ارب روپے کی پیشکش کون کر سکتا ہے؟

پاناما کیس کے فیصلے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ جس دن فیصلہ آیا وزیراعظم کو اسی روز استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔

پاناما کیس سے پیچھے ہٹنے کے لیے مبینہ طور پر 10 ارب روپے کی پیشکش کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ 'جس شخص نے 10 ارب روپے کی پیشکش کی وہ لاہور میں ہی رہتا ہے'۔

پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'آصف زرداری کے حوالے محض اتنا ہی کہوں گا کہ یہ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف زرداری کرپشن کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں'۔

کراچی کے مسائل کیلئے سڑکوں پر نکلنا ہوگا

عمران خان نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'لوگوں کا تعلق چاہے کسی بھی جماعت سے ہو، مسائل کے حل کے لیے انہیں نکلنا ہوگا، جب تک لوگ نہیں نکلیں گے، حکمرانوں کو کوئی اثر نہیں ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'کراچی گندگی میں ڈوب رہا ہے، پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر نکلوں گا، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے۔

عمران خان کی کراچی آمد کے موقع پر فیصل واڈا، فردوس شمیم اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

عروس البلاد شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل

بعد ازاں کراچی میں جیل چورنگی کے قریب حقوق کراچی ریلی سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ کراچی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں، یہ شہر گندگی میں ڈوبا جارہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ عروس البلاد کہنے والے شہر کراچی کو کچرے کےڈھیر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

انھوں ںے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی معیسر نہیں، کراچی میں پہلے کبھی اتنی گندگی نہیں دیکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کے عوام سے سوال کرتا ہوں کہ وہ کیوں اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نہیں نکلے؟

عمران خان نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ کراچی کے لوگ قبضہ اور واٹرٹینکر مافیا کے خلاف بھی سڑکوں پر نہیں نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی وہ شہر ہے جہاں سب سے پہلے سیاسی تحریکیں چلتی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہر کوئی، جن میں ان کے مخالفین بھی شامل ہیں، خیبرپختونخوا میں موجود ان کی پارٹی کی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کہتے ہیں خیبرپختونخوا والا پولیس ایکٹ چاہتے ہیں جبکہ کراچی کے میئر وسیم اختر نے بھی خیبرپختونخوا میں موجود بلدیاتی نظام کے تحت اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے خبردار کیا کہ آئندہ سڑکوں پر نکلے تو پیار سے نہیں نکلیں گے۔

پاناما لیکس کیس کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں ایک بڑے گاڈ فادر کا مقابلہ کررہا ہوں اور اس گاڈ فادر کو سپریم کورٹ کے ججز نے پاکستان کا بڑا مافیا قرار دیا ہے۔


Read Comments