Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 مئ 2017 04:18pm

مہر النساء وی لب یو: فلم میں رومانس سے ہٹ کر بھی بہت کچھ

یاسر نواز کی فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جسے دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ فلم میں صروف رومانس ہی نہیں ایک مضبوط کہانی کو بھی پیش کیا گیا ہے۔

اس فلم میں دانش تیمور اور ثناء جاوید مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، تاہم فلم کی کہانی صرف لڑکے اور لڑکی کا ایک ساتھ ہونا نہیں بلکہ شادی کے بعد ایک دوسرے کے لیے صحیح اور غلط کا انتخاب کرنا بھی ہے۔

مزید پڑھیں: ’مہر النساء وی لب یو‘: کامیڈی فلم کا رومانوی ٹیزر

فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا کہ دانش تیمور اپنے بچے کی پرورش کے لیے فکرمند ہیں اور وہ اسے ایک ایسے ماحول میں نہیں رکھنا چاہتے جہاں انہوں نے خود تربیت حاصل کی، اب اس کے لیے انہیں اپنے والد کے خلاف جانا ہوگا یا وہ کسی دوسرے شہر منتقل ہوجائیں گے، یہ تو فلم دیکھ کر ہی معلوم ہوگا۔

ٹریلر میں اس پیغام کے ساتھ رومانٹک مناظر اور کامیڈی لمحات کو بھی پیش کیا گیا۔

فلم کے ہدایت کار یاسر نواز نے ڈان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بتایا ’اس فلم میں برنس روڈ کی ایک جھلک پیش کرنے کے لیے ہم نے شاندار سیٹ بھی بنایا جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیٹ ہوگا‘۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اس فلم کا ٹیزر بھی ریلیز کیا گیا تھا، جس کے رومانوی مناظر نے فلم کو کامیڈی سے زیادہ رومانوی پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مہر النساء وی لب یو: یاسر نواز کیا کہتے ہیں؟

اس فلم میں دانش تیمور اور ثناء جاوید کے علاوہ جاوید شیخ اور نیئر اعجاز بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

Read Comments