مہر النساء وی لب یو: یاسر نواز کیا کہتے ہیں؟

12 دسمبر 2016
یاسر نواز ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ فلم 'مہر النساء وی لب یو' کی پروڈکشن بھی کررہے ہیں—۔
یاسر نواز ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ فلم 'مہر النساء وی لب یو' کی پروڈکشن بھی کررہے ہیں—۔

پاکستانی اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز اس وقت اپنی پروڈکشن میں بننے والی کامیڈی فلم 'مہر النساء وی لب یو' پر کام کررہے ہیں۔

اس فلم کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے یاسر نواز نے بتایا کہ 'یہ فلم ایک کامیڈی اور رومانوی فلم ہے، لیکن اس میں ایک پیغام بھی ہے جو کامیڈی کے ذریعے دیا جائے گا، فلم کی کہانی کافی مزے کی ہے'۔

تاہم جب یاسر نواز سے فلم کی کہانی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'اگر میں فلم کی کہانی کے حوالے سے ایک لائن بھی بتادوں تو سارا مزہ ختم ہوجائے گا، اس لیے میں ابھی اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا'۔

فلم کے میوزک کی تفصیل بتاتے ہوئے یاسر نواز نے کہا کہ اس فلم میں ایک گانا 'بدلنا ہے' شامل کیا گیا ہے جسے ہندوستانی شاعر سمپورنا سنگھ نے تحریر کیا جنہیں عام طور پر گلزار کے نام سے جانا جاتا ہے، اس گانے کو بھارتی گلوکار سکھوندر سنگھ نے گایا ہے۔

مزید پڑھیں:’مہر النساء وی لب یو‘ میں دانش اور ثناء ایک ساتھ

انہوں نے مزید بتایا کہ گلزار نے اب تک ہمارے لیے ایک گانا لکھا ہے، جسے سکھوندر نے گایا ہے، ہم ان سے ایک اور گانے کے حوالے سے بات کررہے ہیں، شاید وہ ہمیں ایک اور گانا لکھ کر دیں، لیکن اب تک ہم نے دوسرے گانے کے لیے کسی گلوکار کا انتخاب نہیں کیا۔

یاسر کے مطابق ان تمام گانوں کو سیماب حسین نے کمپوز کیا ہے۔

فلم میں گانوں کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اس فلم کے ایک گانے میں ماڈل آمنہ الیاس بھی نظر آئیں گی۔

ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ یاسر نواز اس فلم کی پروڈکشن بھی کررہے ہیں، فلم کی کہانی ثاقب سمیر نے لکھی، جبکہ کاسٹ میں جاوید شیخ، دانش تیمور، ثناء جاوید اور ثاقب سمیر کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کی کراچی میں شوٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ کچھ مناظر پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں فلمائے جائیں گے۔

’مہرالنساء وی لب یو‘ اگلے سال عید الفطر پر سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں