’مہر النساء وی لب یو‘: کامیڈی فلم کا رومانوی ٹیزر

اپ ڈیٹ 04 مئ 2017
فلم میں ثناء جاوید اور  دانش تیمور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں — اسکرین شاٹ
فلم میں ثناء جاوید اور دانش تیمور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں — اسکرین شاٹ

پاکستانی فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا، جو ٹیزر کم اور ٹریلر زیادہ نظر آرہا ہے۔

یاسر نواز کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والی فلم کو کامیڈی قرار دیا گیا تھا، یاسر نواز نے اپنے ایک انٹرویو میں بھی یہی کہا تھا کہ یہ فلم رومانوی کامیڈی کہانی پر مبنی ہے، تاہم ٹیزر پر نظر ڈالی جائے تو اس میں صرف رومانس، ایکشن اور ڈرامے کو پیش کیا گیا۔

مزید پڑھیں: مہر النساء وی لب یو: یاسر نواز کیا کہتے ہیں؟

ایک منٹ 26 سیکنڈ دورانیے کے اس ٹیزر میں بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر کی فلموں کی جھلک نظر آئی، برف کے پہاڑوں پر رومانوی گانے اور ایکشن سینز نے اس فلم کو بولی وڈ انداز دے دیا۔

فلم کے ٹیزر سے کہانی اور زیادہ پیچیدہ ہوگئی ہے، کیوں کہ اس ایک ٹیزر میں خاندان کے جھگڑے، رومانوی کہانی اور ولن سے لڑنا سب کچھ پیش کیا گیا۔

فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ میں دانش تیمور اور ثناء جاوید نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، خیال رہے کہ اس سے قبل دانش تیمور یاسر نواز کی فلم ’رونگ نمبر‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔

فلم میں معروف پاکستانی اداکار جاوید شیخ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مہر النساء وی لب یو‘ میں دانش اور ثناء ایک ساتھ

اس فلم کا پہلا ٹریلر بھی جلد ریلیز کیا جائے گا اور امید ہے کہ اسے دیکھ کر فلم کی کہانی میں شائقین کی دلچسپی بڑھ جائے۔

’مہرالنساء وی لب یو‘ کی ریلیز رواں سال عید الفطر پر متوقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں