Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مئ 2017 05:45pm

24 گلوکاروں کی نقل کرنے والا پاکستانی کامیڈین

پاکستانی سیاست دانوں کی بہترین نقل کرنے والے کامیڈین شفاعت علی نے اپنی حالیہ ویڈیو میں یہ ثابت کیا کہ وہ صرف نقل ہی نہیں بلکہ بہترین گلوکاری بھی کرسکتے ہیں۔

شفاعت علی نے فیس بک پر ایک ویڈیو ریلیز کی جس میں وہ 24 گلوکاروں کی نقل کرتے نظر آئے، اس ویڈیو میں شفاعت نے ان گلوکاروں کی آواز میں ان کے ہی گانے گا کر سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا۔

ویڈیو میں شفاعت نے صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ ہندوستانی گلوکاروں کی بھی نقل کی۔

مزید پڑھیں: شفاعت علی کی فلمی دنیا میں انٹری

کامیڈین نے اپنی ویڈیو میں پاکستانی گلوکار جنید جمشید، علی حیدر، عاطف اسلم، جواد احمد، احمد جہانزیب، ابرار الحق، مہدی حسن، پٹھانے خان، علی ظفر، محسن عباس حیدر، حبیب ولی محمد، وارث بیگ اور شہزاد رائے کی نقل کی۔

اس کے علاوہ اس ویڈیو میں شفاعت علی نے اور بھی کئی مقبول گلوکاروں کی آواز کو شامل کیا جن میں جگجیت سنگھ، ادت نارائن، سونو نگم، ایس پی بالا، کشور کمار، ارجیت سنگھ، محمد رفیع، کمار سانو، ہمیش ریشمیا، مکیش اور کینیڈین گلوکار برائن ایڈمز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے شفاعت علی طویل عرصے سے میڈیا انڈسٹری میں موجود ہیں، لیکن ان کی گزشتہ سال انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے انہیں مقبولیت کے ساتویں آسمان پر پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'مشہور شخصیات کی نقل اتارنے پر دھمکی نہیں دھمکیاں ملی'

اس ویڈیو میں وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستانی پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی نقل کرتے نظر آئے تھے۔

ڈان نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شفاعت علی نے یہ بھی بتایا تھا کہ انہیں سیاست دانوں کی نقل کرنے پر کافی دھمکیاں موصول ہوتی ہیں۔

شفاعت علی بہت جلد پاکستانی فلم ’پرواز ہے جنون‘ میں بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

Read Comments