شفاعت علی کی فلمی دنیا میں انٹری

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2017
شفاعت علی فلم 'پرواز ہے جنون' میں معاون کردار ادا کریں گے—۔فائل فوٹو
شفاعت علی فلم 'پرواز ہے جنون' میں معاون کردار ادا کریں گے—۔فائل فوٹو

سیاستدانوں کی نقل اتار کے انٹرنیٹ ویڈیوز کے ذریعے مشہور ہونے والے کامیڈین شفاعت علی بہت جلد بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے۔

شفاعت علی مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'پرواز ہے جنون' میں معاون کردار ادا کریں گے، فلم کی مرکزی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر اور آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر شامل ہیں۔

پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

شفاعت علی نے ڈان امیجز سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے بتایا، 'پہلے مجھ سے ایک ڈرامہ سیریل کے آڈیشن کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم 'ہم' ٹی وی کی ٹیم نے مجھے فلم کے کردار کے لیے موزوں پایا اور بتایا کہ ان کے ذہن میں میرے لیے ایک اور پروجیکٹ ہے'۔

مزید پڑھیں: مشہور شخصیات کی نقل اتارنے پر دھمکی نہیں دھمکیاں ملی: شفاعت علی

انھوں نے بتایا، 'مجھے ماضی میں بھی فلموں کی پیشکش ہوئیں لیکن میں نے انھیں سنجیدگی سے نہیں لیا کیونکہ میں کوئی ایسا پروجیکٹ نہیں کرنا چاہتا تھا جو کوئی اثر چھوڑنے میں ناکام ہوجائے اور اب جیسا کہ فلم 'پرواز ہے جنون' پاکستان ایئرفورس کے اشتراک سے بنائی جارہی ہے تو مجھے یہ فلم کرنی تھی'۔

اس سوال پر کیا کہ کیا ان کی وائرل ویڈیوز ہی ان کے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہونے کی وجہ بنیں، شفاعت علی نے کہا 'انٹرینٹ نے بلاشبہ بہت اہم کردار ادا کیا، ٹی وی کا دور ختم ہوچکا ہے اور اب 5 انچ کی اسکرین کا دور ہے، لوگوں کو 36 سیکنڈز کے اندر مواد چاہیے ہوتا ہے اور میرے خیال میں یہی حقیقت ہے، میں نے یہ سب کیا اور اب میں یہاں ہوں'۔

فلم 'پرواز ہے جنون' کی کاسٹ—.
فلم 'پرواز ہے جنون' کی کاسٹ—.

شفاعت کا خیال ہے کہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کی بناء پر ایک اداکار ہیں۔

انھوں نے بتایا، 'نقل اتارنا اداکاری کا ایک بنیادی جزو ہے، اگر آپ کردار کی نوعیت اور شخصیت کو نہیں سمجھیں گے تو آپ اس سے انصاف نہیں کرپائیں گے اور نہ ہی اسے خوبصورتی سے ادا کرپائیں گے، مجھے امید ہے کہ ناظرین کو فلم پسند آئے گی، کیونکہ مجھے ذاتی طور پر اس سے بہت زیادہ امیدیں ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: شفاعت علی نے کراچی ادبی میلے کی 'کامیابی کا راز' بتادیا

شفاعت اس فلم میں ایک کیڈٹ کا کردار ادا کریں گے، انھوں نے بتایا کہ ان کا کردار ناظرین پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔

فلم کی شوٹنگ اس وقت کے ٹو پہاڑ اور قراقرم ہائی وے پر جاری ہے، شفاعت نے اب تک کی شوٹنگ کے تجربے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ساتھی اداکاروں کو بھی سراہا اور بتایا کہ اپنے کردار میں ڈھل جانا انھیں کچھ چیلنجنگ لگا۔

فلم کی شوٹنگ اس وقت کے ٹو پہاڑ اور قراقرم ہائی وے پر جاری ہے—.
فلم کی شوٹنگ اس وقت کے ٹو پہاڑ اور قراقرم ہائی وے پر جاری ہے—.

انھوں نے بتایا، 'فلم کی پوری کاسٹ اور میرے درمیان گہرے تعلقات بن گئے ہیں اور ہر کوئی ایک دوسرے کے لیے بہت مددگار ہے'۔

ساتھ ہی انھوں نے انکشاف کیا کہ 'میں نے کبھی ایسے کسی سیٹ کا تجربہ نہیں کیا، جہاں اتنی زیادہ جسمانی ورزش ہوتی ہو اور چونکہ ہم سب اپنے کرداروں میں بالکل ڈھل گئے ہیں، لہذا مجھ میں بہت تبدیلی آئی ہے، میں اسے ایک ایڈونچر سے بھرپور پروجیکٹ قرار دوں گا'۔

فلم 'پرواز ہے جنون' کی دیگر کاسٹ میں شمعون عباسی، شاز خان، مصطفیٰ چنگیزی اور نئے اداکار سنکدر ونسنٹ خان شامل ہیں، جبکہ کبریٰ خان بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گی۔

فلم 'پرواز ہے جنون' رواں سال ریلیز ہوگی، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں