Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مئ 2017 01:06pm

شلپا شیٹی بھی کرینہ کے نقش قدم پر

کیا پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فلموں اور میوزک کے بعد نیا ثقافتی تبادلہ فیشن کا ہے، جہاں بولی وڈ اداکارائیں اور پاکستانی ڈیزائنرز ایک ساتھ کام کررہے ہوں؟

لگتا تو کچھ ایسا ہی ہے، کیوں کہ بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کے پاکستانی ڈیزائنر ٹینا درانی کے ساتھ ایک برائیڈل شوٹ پر کام کرنے کے بعد اب پاکستانی ڈیزائنر سائرہ رضوان نے بھی اپنے برائیڈل شوٹ کے لیے بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کی خدمات حاصل کرلیں۔

مزید پڑھیں: کرینہ کپور نے کیا ایک اور پاکستانی ڈیزائنر کے ساتھ کام

لندن میں ہونے والے اس شوٹ کی تصاویر ایشیانہ ویڈنگ میگزین میں شائع ہوں گی۔

خیال رہے کہ کرینہ کپور خان نے دبئی میں ڈیزائنر ٹینا درانی کے ساتھ جو برائیڈل شوٹ کیا تھا وہ بھی اسی میگزین کے لیے تھا۔

اپنے برائیڈل شوٹ کے حوالے سے سائرہ رضوان نے ڈان سے گفتگو میں بتایا کہ ’شلپا شیٹی کے ساتھ کام کرکے بےحد مزہ آیا، وہ ہندوستان کی اُن اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جو مجھے بےحد پسند ہیں، ان کی شخصیت ہمارے برانڈ کے لیے بہترین ہے، اسی لیے شلپا شیٹی کا انتخاب اس شوٹ کے لیے بالکل صحیح رہا‘۔

شلپا شیٹی اس فوٹو شوٹ کے لیے نہایت شاندار عروسی ملبوسات میں نظر آئیں۔

سائرہ رضوان کے ان خوبصورت ملبوسات کو زیب تن کیے شلپا شیٹی کسی مہارانی سے کم نہیں لگ رہیں تھیں۔

بولی وڈ اداکارہ نے سرخ رنگ کے نہایت خوبصورت عروسی جوڑا زیب تن کرکے تمام تر توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی۔

اس دوران شلپا شیٹی نے پوری ٹیم کے ہمراہ بھی ایک تصویر لی، جو یقیناً ان کے لیے یادگار ہوگی۔

Read Comments