گوگل کے سابق ملازم کی کمپنی کا پہلا فون پیش
تین سال قبل گوگل جیسی کمپنی کو خیرآباد کہہ کر اپنی ذاتی کمپنی بنانے والے اینڈی رابن نے جدید اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کردیا۔
اینڈی رابن نے نومبر 2014 میں گوگل کو خیرآباد کہہ کر اپنی ذاتی کمپنی’ازینشل پروڈکٹس انشورنس‘ بنائی تھی، کمپنی نے کئی منفرد اور جدید ٹیکنالوجی آلات پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ اینڈی رابن اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے شریک بانی یا شریک خالق بھی رہے ہیں، یہ سسٹم سب سے پہلے گوگل نے ہی متعارف کرایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کریڈٹ کارڈ کے سائز کا انوکھا موبائل
مسلسل تین سال کی محنت سے کمپنی بنانے کے بعد آخرکار اینڈی رابن کی کمپنی نے اپنا پہلا موبائل پی ایچ ون فروخت کے لیے پیش کردیا، جسے ڈیزائن کی وجہ سے پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
اس موبائل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو تمام بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس میں نہ صرف ان تمام بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کی خوبیاں موجود ہیں بلکہ انہیں مزید بہتر کرکے بھی پیش کیا گیا ہے۔