گوگل کے سابق ملازم کی کمپنی کا پہلا فون پیش

اپ ڈیٹ 03 جون 2017
فوٹو/ بشکریہ ازینشل—۔
فوٹو/ بشکریہ ازینشل—۔

تین سال قبل گوگل جیسی کمپنی کو خیرآباد کہہ کر اپنی ذاتی کمپنی بنانے والے اینڈی رابن نے جدید اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کردیا۔

اینڈی رابن نے نومبر 2014 میں گوگل کو خیرآباد کہہ کر اپنی ذاتی کمپنی’ازینشل پروڈکٹس انشورنس‘ بنائی تھی، کمپنی نے کئی منفرد اور جدید ٹیکنالوجی آلات پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ اینڈی رابن اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے شریک بانی یا شریک خالق بھی رہے ہیں، یہ سسٹم سب سے پہلے گوگل نے ہی متعارف کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کریڈٹ کارڈ کے سائز کا انوکھا موبائل

مسلسل تین سال کی محنت سے کمپنی بنانے کے بعد آخرکار اینڈی رابن کی کمپنی نے اپنا پہلا موبائل پی ایچ ون فروخت کے لیے پیش کردیا، جسے ڈیزائن کی وجہ سے پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

اس موبائل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو تمام بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس میں نہ صرف ان تمام بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کی خوبیاں موجود ہیں بلکہ انہیں مزید بہتر کرکے بھی پیش کیا گیا ہے۔

—فوٹو: اسینشل
—فوٹو: اسینشل

پی ایچ ون کی اسکرین 5.7 انچ ہے، جب کہ اس میں 128 جی بی انٹرنل اسٹوریج اور 4 جی بی ریم کی سہولت بھی ہے، موبائل کی بیک سائیڈ پر شفاف شیشے جیسا مگر مضبوط کور ہے جو اسے دیدہ زیب بناتا ہے۔

موبائل کے فرنٹ پر کوئی بھی اضافی چیز نہیں ہے، جب کہ اسکرین کے مرکز میں اوپر کی سائیڈ پر 8 میگا پکسل کیمرہ ہے، جو 4 کے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایل جی جی 5 بالکل مختلف اسمارٹ فون

ڈوئل کیمرے کا حامل اس موبائل کا کیمرہ 360 ڈگری ہے، جو ایک سیکنڈ میں 30 تصاویر فریم بنانے کا حامل ہے، اس سے بڑھ کر یہ کہ ان کیمروں میں ایک خصوصی فیچر دیا گیا ہے، جس کی مدد سے تصاویر کو بلیک اینڈ وائیٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

پی ایچ ون ایپل کے اسمارٹ موبائل کی طرح بلیوٹوتھ کے ذریعے ہیڈ فون سمیت دیگر آلات سے منسلک ہوتا ہے۔

کمپنی نے پی ایچ ون کے ایک ہی ماڈل کو چار مختلف رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، جب کہ اس کی رقم 699 سے 749 ڈالر تک رکھی گئی ہے، جو تقریباً 73 سے 79 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

—فوٹو: ازینشل
—فوٹو: ازینشل

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں