Dawn News Television

شائع 19 جولائ 2017 11:43pm

یمن: سعودی اتحاد کی فضائی کارروائی میں 20 ہلاک

یمن میں سعودی اتحادیوں کی فضائی کارروائی میں ایک ہی خاندان کے 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق فضائی کارروائی میں یمن کے جنوب مغربی صوبے تعز کے ضلع موزع میں شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا۔

مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ فضائی کارروائی سعودی اتحادیوں کی جانب سے باغیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کا حصہ تھی۔

فضائی کارروائی میں جاں بحق افراد میں چاربچے اور سات خواتین بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر) کا کہنا تھا کہ 'فضائی کارروائی میں بے گھر افراد کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر سخت افسوس اور انتہائی دکھ ہے'۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہری قریبی ضلع مخا میں لڑائی کے باعث گھروں سے ہجرت کر چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:یمن: فضائی کارروائی میں 24 شہری ہلاک

یاد رہے کہ یمن کے صدر منصور ہادی کے حامی اور اتحادی افواج نے رواں سال فروری میں مخا کے ائرپورٹ کا قبضہ حاصل کیا تھا جو ایک اہم کامیابی تھی۔

یواین ایچ سی آر کے بیان کے مطابق یمن میں مقامی طور پر بےگھر (آئی ڈی پیز) کے پانچ لاکھ سے زائد، 27 فی صد افراد کا تعلق تعز کےمختلف علاقوں سے ہے۔

مزید پڑھیں:یمن: ’سعودی اتحاد‘ کی بمباری میں 140 افراد ہلاک

یمن میں رواں سال جون میں سعودی عرب کی سرحد سے ملحق باغیوں کے علاقے صعدہ کی مارکیٹ مشناک میں فضائی کارروائی میں 24 شہریوں کو ہلاک کیا گیا تھا جس کے بعد اتحادیوں کی جانب سے اییک مرتبہ پھر کارروائی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی اتحادی فوج گزشتہ دو برس سے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے جو باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں زمینی کے علاوہ فضائی کارروائی بھی عمل میں لارہی ہے۔

Read Comments