Dawn News Television

شائع 25 جولائ 2017 10:32am

قومی پرچم الٹا پکڑنے پر اکشے کمار کی معذرت

بولی وڈ فلموں میں متعدد بار دیش بھگت بننے والے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے بھارت کا قومی پرچم الٹا پکڑنے پر معذرت کرتے ہوئے اپنی تصویر کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا۔

اکشے کمار نے رواں ماہ 23 جولائی کو لندن کے لارڈز کرکٹ میدان میں بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران ہندوستانی پرچم کو الٹا پکڑا تھا۔

بظاہر اکشے کمار اس بات سے بے خبر تھے کہ انہوں نے پرچم کو الٹا پکڑ رکھا ہے، تاہم جیسے ہی انہوں نے ٹوئٹر پر تصویر پوسٹ کی تو شائقین نے اس کی نشاندہی کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ویمن ٹیم ورلڈ کپ ہار گئی

بعض شائقین نے تو صرف نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ پرچم کو سیدھا کرلیں، جب کہ کچھ مداح ان سے خفا ہوگئے اور انہوں نے جارحانہ تبصرے کیے۔

تصویر وائرل ہوجانے اور لوگوں کی جانب سے شکایت کے بعد اکشے کمار نے ٹوئٹر سے تصویر ہٹاتے ہوئے معذرت کرلی اور اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا مطلب کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔

اکشے کمار نے لکھا ’ترنگے کی خلاف ورزی کرنے پر وہ دل سے معافی کے طلب گار ہیں، ان کا مقصد کسی کو ناراض کرنا نیں تھا، تصویر کو ہٹادیا گیا ہے'۔

بھارت اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل اکشے کمار نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی، جس میں وہ فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دیئے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں بھارتی خواتین ٹیم کی شاندار کارکردگی

ٹرین میں سفر کے دوران ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں اکشے کمار کا کہنا تھا کہ لیڈز سے لندن کے درمیان ڈھائی گھنٹے کی مسافت ہے، وہ یہ منزل طے کرکے میچ دیکھنے جا رہے ہیں،اور نہایت پرجوش ہیں۔

میچ سے قبل اکشے کمار نے متعدد ٹوئیٹس میں خواتین ٹیم کی حوصلہ افزائی بھی کی، جب کہ انہوں نے کرکٹ گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے ساتھ لی گئی ایک تصویر بھی ٹوئیٹ کی۔

یہ بھی پڑھیں: 'بھارت میں خواتین کا بھی آئی پی ایل ہونا چاہیے'

اکشے کمار نے کرکٹ گراؤنڈ میں یونیفارم پہنی کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو کے وقت لی گئی تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹوٹے دل بھی ہنس سکتے ہیں،ان خواتین نے انقلاب شروع کردیا اور میں ان پر اس سے زیادہ فخر نہیں کرسکتا'۔

خیال رہے کہ 23 جولائی کو ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ سے 9 رنز سے ہار گئی تھی۔

ورلڈ کپ کے دوران مجموعی طور پر بھارتی ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی تھی، خواتین نے ایونٹ کے دوران کئی ریکارڈز قائم کیے اور دنیا کی توجہ حاصل کی، تاہم فائنل میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Read Comments