Dawn News Television

شائع 11 ستمبر 2017 07:55pm

برازیلین پائلٹ کی 'خطرناک سیلفیوں' کی دھوم

صرف 26 تصاویر پوسٹ کرکے انسٹاگرام پر 72 ہزار سے زائد فالورز کو حاصل کرنا کسی کارنامے سے کم نہیں مگر کون ہوگا جسے اس پائلٹ کی 'دلیرانہ سیلفیز' پسند نہیں آئیں گی جو وہ طیاروں کی 'پرواز' کے دوران لیتا ہے؟

@pilotganso نام کے انسٹاگرام اکاﺅنٹ چلانے والے ایک برازیلین پائلٹ کی تصاویر لگتا ہے کہ دوران پرواز زمین سے ہزاروں فٹ بلندی پر لی جاتی ہیں۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ یہ سب تصاویر اصلی نہیں بلکہ فوٹوشاپ کا کمال ہے مگر بیشتر افراد انہیں حقیقی ہی سمجھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہر تصویر کو ہزاروں لائیکس اور سینکڑوں کمنٹس ملتے ہیں۔

مزید پڑھیں : ایک چھینک نے سیلفی کو وائرل کردیا

مگر تصاویر میں متعدد چیزیں ایسی ہیں جن سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ اصلی نہیں۔

مثال کے طور پر ان کے پرفیکٹ بالوں کا انداز جو اتنی بلندی پر ہوا سے ہلتے بھی نہیں، اسی طرح تصاویر میں سن گلاسز میں عکس میں ایسے مناظر جو زمین پر ہی ممکن ہے، جیسے ایک اور پائلٹ کیمرے کی جانب انگوٹھا دکھا رہا ہے۔

یہ پائلٹ کلاسیک فوٹو شاپ تیکنیک سپر امپوزنگ استعمال کرتا ہے اور ایک ہوای تصویر کے اوپر ایک سیلفی کو چسپاں کردیتا ہے۔

اپنی تصاویر کے کیپشن میں یہ صاحب واضح کرتے ہیں کہ یہ تصاویر اصلی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سیلفی سے ہلاکتیں، بھارت دنیا میں سب سے آگے

ایک تصویر میں لکھا ہے ' فوٹو شاپ موڈ آن'، جبکہ دوسری میں تحریر کیا گیا ' میں آپ کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ یہ تصویر جعلی ہے'۔

مگر تمام تصاویر بھی فوٹوشاپ کا کمال نہیں بلکہ کچھ میں وہ زمین پر ہی موجود ہیں۔

Read Comments