سلمان اور ایشوریا کا پہلی مرتبہ مقابلہ
بولی وڈ میں دو فلموں کا ایک ہی تاریخ پر ریلیز ہونا اب عام ہے، فلموں کے یہ مقابلے جہاں لوگوں کو دلچسپ نظر آتے ہیں وہیں پروڈیوسرز کے لیے یہ فلم کی کمائی کا نقصان بھی مانا جاتا ہے۔
تاہم اب دو ایسے اداکار اپنی فلموں کے ساتھ ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے نظر آئیں گے، جنہوں نے کئی سالوں سے ایک ساتھ کام نہیں کیا اور شاید وہ مستقبل میں کبھی ایک ساتھ کام کرتے نظر بھی نہیں آئیں گے۔
یہاں بات ہورہی ہے سلمان خان اور ایشوریا رائے بچن کی، جنہوں نے اپنے اپنے کیریئرز کے آغاز میں ایک ساتھ کام تو کیا، تاہم بعدازاں کبھی ایک ساتھ نظر نہ آئے۔
مزید پڑھیں: ایشوریا، سلمان خان کے ساتھ کام کی خواہشمند
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہوگی، سلمان ہمیشہ سے اپنی فلمیں عید پر ریلیز کرتے ہیں اور اب ایشوریا رائے کی اگلی فلم ’فینی خان‘ بھی 2018 عید کے موقع پر ہی سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
ایسا پہلی بار ہوگا جب ان دونوں اداکاروں کی فلمیں ایک ہی تاریخ کو ریلیز ہوں گی۔
سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ ویسے ہی ایک کامیاب سیریز ہے، جس میں سلمان نے اداکار سیف علی خان کی جگہ لی۔
جبکہ ایشوریا رائے کی فلم ’فینی خان‘ میں وہ ایک گلوکارہ بنیں گی، ان کے ہمراہ راج کمار راؤ اور انیل کپور اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ کے ماضی کی کچھ دلچسپ تصاویر
خیال رہے کہ ایشوریا رائے اور سلمان خان نے ایک ساتھ ’ہم دل دے چکے صنم‘ فلم میں کام کیا، جو کہ 1999 میں ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔