ہولی وڈ اداکارہ بھی ’پدماوتی‘ کے حق میں بول پڑیں
بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ طویل عرصے سے تنازعات کا شکار ہے، جہاں اس کے خلاف بھارت بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں، وہیں اس کے حق میں آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں، اور اب اس کے حق میں ہولی وڈ ادکارہ بھی بول پڑیں۔
خیال رہے کہ فلم میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ شاہد کپور راجا راول رتن سنگھ اور رنویر سنگھ علاؤالدین خلجی بنے ہیں۔
اس فلم کی کہانی راجپوت کی رانی پدمنی کی زندگی پر بنائی گئی ہے جو علاؤالدین خلجی سے خود کو بچانے کے لیے آگ میں کود کر جان دے دیتی ہیں۔
مزید پڑھیں: ’پدماوتی‘ کے خلاف خواتین بھی سڑکوں پر آگئیں
اس فلم کے حوالے سے ایسی قیاس آرائیاں سامنے آئیں کہ فلم ساز رانی پدمنی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان نامناسب سین پیش کرنے جارہے ہیں۔
جس کے بعد ہندوستان بھر میں اس فلم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
ہندوستانی انتہا پسند تنظیمات نے فلم کی مرکزی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹنے تک کی دھمکی دی، جبکہ ریلیز ہونے پر سینما گھر جلانے کا بھی اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اور جیکولین فرنانڈس ’پدماوتی‘ پر بول پڑے
اگرچہ فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی بھی متعدد بار بیانات کے ذریعے اس بات کی وضاحت کرتے نظر آئے کہ فلم میں کوئی نامناسب سین نہیں، لیکن اس کے باوجود مظاہرے ختم نہیں ہوئے۔