بولی وڈ کی آنے والی تاریخی فلم ’پدماوتی‘ کے خلاف جہاں ہندوستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں، وہیں بھارتی عدالتوں نے فلم کی حمایت میں فیصلے دیے ہیں۔

عدالتی فیصلوں کے بعد جہاں اگرچہ ریاستی حکومتوں نے بھی ’پدماوتی‘ کے حق میں فیصلے کیے ہیں، تاہم پھر بھی انتہاپسند ہندوؤں کے مظاہرے اور احتجاج جاری ہیں، بلکہ ان میں شدت آگئی ہے۔

’پدماوتی‘ کے خلاف انتہا پسند تنظیموں راجپوت کرنی سینا اور جے راجپوتانہ سنگھ کے احتجاجی مظاہرے تو فلم کی شوٹنگ کے دن سے ہی جاری تھے۔

تاہم گزشتہ دن خواتین کی انتہاپسند تنظیم ’انٹرنیشنل کشتریہ ویرننگانہ ماہاسبھا‘ نے بھی فلم کی نمائش کے خلاف بنارس میں مظاہرہ کیا، اور دھمکی دی کہ اگر ’پدماوتی‘ کو ریلیز کیا گیا تو سینما گھروں کو آگ لگائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ کے خلاف خواتین بھی سڑکوں پر آگئیں

تاہم اب بولی وڈ کے سلطان سلمان خان اور ان کی ساتھی اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے ’پدماوتی‘ کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’فلم کو دیکھنے سے قبل اس کے خلاف مظاہرے کرنا بلکل غلط ہے‘۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی خبر میں نیوز 18 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سلمان خان نے کہا کہ ’سنجے لیلیٰ بھنسالی بہت ہی اچھی فلمیں بناتے ہیں، پدماوتی کو دیکھنے سے قبل اس کے حوالے سے فیصلہ کرنا غلط ہے۔

سلمان خان نے واضح کیا کہ فلم کی ریلیز سے متعلق سینٹرل بورڈ آف سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کو فیصلے کرنے کا اختیار ہے۔

مزید پڑھیں: ’پدماوتی‘ میں نامناسب سین دیکھانے پر سینما جلانے کی دھمکی

خیال رہے کہ سلمان خان سنجے لیلیٰ بھنسالی کے ساتھ ’سانوریا‘، ’خاموشی‘ اور’ہم دل دے چکے‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں ڈی این اے کی ایک اور خبر کے مطابق اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے بھی ’پدماوتی‘ کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’فلم ایک آرٹ کا نمونہ ہوتی ہے، اور ہر کسی کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے‘۔

جیکولین فرنانڈس نے واضح کیا کہ اگر کسی کو ’پدماوتی‘ سے کوئی مسئلہ ہے تو وہ فلم کو نہ دیکھے، مگر کسی بھی صورت میں اسے مظاہرے کا حق نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، ایسے معاملات کو حل کرنے کے اور اچھے راستے ہیں۔

اداکارہ نے فلم کے خلاف مظاہرے کرنے والی ہندو انتہاپسند تنظیموں کے احتجاج اور تشدد کو غیر قانونی قرار دیا۔

خیال رہے کہ ’پدماوتی‘ کو آئندہ ماہ یکم دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا، تاہم تاحال سی بی ایف سی نے فلم کی نمائش کے لیے سرٹیفکیٹ جاری نہیں۔

دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ کی اس فلم کی کہانی چتور سنگھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے، انتہاپسندوں کے خیال ہے کہ فلم میں رانی پدمنی یعنی پدماوتی کو علاؤ الدین خلجی کے ساتھ رومانوی مناظر کرتے ہوئے دکھایا جائے گا، جو غیر حقیقی ہے۔

اگرچہ فلم کی ٹیم واضح کر چکی ہے کہ فلم میں ایسے کوئی مناظر نہیں، لیکن پھر بھی انتہا پسند تنظیمیں یقین کرنے کو تیار نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں