پاکستان

پاک فضائیہ کے سابق سربراہ اصغر خان انتقال کرگئے

ایئرمارشل (ر) اصغر خان کی عمر 96 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے، انہیں ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جائے گا
|

راولپنڈی: پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے سابق سربراہ اور سیاست دان ایئر مارشل (ر) اصغر خان انتقال کر گئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اصغر خان کی نمازِ جنازہ کل (6 جنوری کو) ان کے آبائی علاقے نواں شہر ایبٹ آباد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان الیاسی مسجدنواں شہر میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

سابق ایئر مارشل پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ تھے جنہوں نے 35 برس کی عمر میں ایئر فورس کی کمان سنبھالی تھی۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایئرمارشل (ر) اصغر خان کی عمر 96 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔

مزید پڑھیں: اصغر خان کا ایف آئی اے میں بیان ریکارڈ

ایئرمارشل (ر) اصغر خان کے انتقال پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ایئر مارشل (ر) اصغر خان نے انتہائی جانفشانی اور بہادری سے ایک نو زائیدہ ایئر فورس کی قیادت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایئر مارشل (ر) اصغر خان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاک فضائیہ کو جدید فضائی قوت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ایئر مارشل (ر) اصغر خان اعلیٰ کردار ، غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے پیکر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اصغر خان کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری

ایئر مارشل (ر) اصغر خان پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے صدر کے عہدے پر بھی تعینات رہے تھے۔

پاک فضائیہ کے سابق سربراہ نے سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے 1970 میں اپنی سیکیولر سیاسی جماعت تحریک استقلال کی بنیاد رکھی تھی، یہ جماعت 2013 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ضم ہوگئی تھی۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ایئر مارشل (ر) اصغر خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سابق سربراہ کو مضبوط ایئر فورس کی بنیاد رکھنے کے حوالے سے تاریخی خدمات پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے بھی ایئر مارشل (ر) اصغر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصغر خان اصول پرست اور دیانتدار آدمی تھے۔