ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ ان کو خط لکھ کر سنگاپور اجلاس منسوخ کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ سنگاپور میں ہونے والی جوہری سربراہی کانفرنس کو منسوخ کر رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے خط میں تاریخی اجلاس کے منسوخ ہونے کی وجہ شمالی کوریا کا ’غصہ‘ اور ’دشمنیت‘ کو ٹھہرایا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار بنانے کے عزائم ترک کرنے کے حوالے سے اجلاس 12 جون کو ہونا تھا تاہم دونوں ممالک کی جانب سے تلخ کلامی اور دھمکیوں کے تبادلے کے بعد اس اجلاس کے انعقاد پر خدشات بڑھنے لگے تھے۔
مزید پڑھیں: جنوبی کوریا کے ’ناواقف اور نااہل‘ حکام سے بات چیت ممکن نہیں، شمالی کوریا
شمالی کوریا نے گزشتہ روز امریکی نائب صدر مائیک پینس کو ’جاہل اور بے وقوف‘ کہا تھا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ خط سامنے آیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ڈونلڈ ٹرمپ کے کم جونگ ان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ’افسوس کے ساتھ، آپ کے حالیہ بیانوں میں انتہائی غصہ اور دشمنیت کے باعث، مجھے یہ غیر مناسب لگتا ہے کہ ایسے موقع پر ہم طویل عرصے سے منصوبہ بندی کیے جانے والی ملاقات کا انعقاد کریں‘۔