Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 جون 2018 12:41pm

’اقتدار میں آکر ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دیں گے‘

نوابشاہ: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر آئندہ انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب ہو کر اقتدار میں آئی تو ہر اس خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی جس کا کوئی بھی فرد پہلے سے سرکاری ملازم نہ ہو۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نوابشاہ میں تاجروں اور علاقائی معززین کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پی پی پی اقتدار میں آکر زیادہ سے زیادہ افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہوسکتا ہے کل حکومت کے خلاف سازش کریں، آصف زرداری

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں ذراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے کی بہتری انتہائی ضروری ہے، اس کے لیے کسانوں کو تمام تر وسائل فراہم کیے جائیں گے تا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔

ملک میں پانی کی قلت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈیم تعمیر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تا کہ پانی ذخیرہ کیا جاسکے۔

اس ضمن میں ملک کو درپیش کئی مسائل کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مورد الزام ٹہراتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خراب پالیسیوں کے سبب معیشت زوال کا شکار ہے۔

اس سلسلے میں ضلع بے نظیر آباد (سابق نوابشاہ) میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں صحت، تعلیم، مواصلات اور ایسے ترقیاتی منصوبوں پر بھر پور توجہ دے گی جس سے یہاں تیزی سے تبدیلی آئے، اس کے ساتھ بجلی کی پیداوار اور نکاسی آب کے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی، پی پی پی پارلیمنٹیرینز ایک ہی نشان ’تیر‘ سے انتخابات لڑیں گی

پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ نوابشاہ میں کام کرنے والی شوگر ملوں اور دیگر صنعتی یونٹس کو شہر سے باہر منتقل کردیا جائے گا تا کہ نوابشاہ کو ماڈل سٹی بنایا جاسکے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کا انعقاد مقررہ وقت پر ہونا چاہیے۔

Read Comments