پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں کی لیکن ہوسکتا ہے کل کرلیں جبکہ حکومت جارہی ہے۔

ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہمیں ملک ٹکڑوں میں ملا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے ملک کا کوئی طبقہ خوش نہیں تھا اور پرویز مشرف کولانے والا نوازشریف تھا جبکہ ہم نے عوام کی طاقت سے پرویزمشرف کو باہر نکالا۔

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوازشریف پاکستانی عوام پر عذاب بن گئے تھے اور ان سے ملک کا کوئی طبقہ خوش نہیں تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کہتا ہے کہ شاید حکومت جانے والی ہے تو میں کہتا ہوں کہ جانے والی نہیں بلکہ آپ کی حکومت جارہی ہے۔

حکومت کے خلاف کسی سازش کا حصہ بننے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا حکومت کے خلاف ابھی تک کوئی سازش نہیں کی ہوسکتا ہے کل کر دیں۔

سابق صدر نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوچھتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، میاں صاحب! آپ کو اللہ نے نکالا اور جج وسیلہ بنے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں