Dawn News Television

شائع 21 اگست 2018 05:29pm

حج کے دوران خاتون کے ہاں بچے کی ولادت

دنیا بھر سے آئے ہوئے 20 لاکھ سے زائد عازمین نے جہاں سعودی عرب میں حج کی سعادت حاصل کی وہیں ایک اردن کی عازم خاتون نے ایک اور سعادت حاصل کی۔

حج کے دوران 9 ذوالحج کے دن اردن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے میدان عرفات میں بچے کو جنم دے کر ایک منفرد سعادت اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں سعودی عرب کی نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر میدان عرفات میں اردن کی خاتون کو حج کی عبادات کرنے کے دوران تکلیف ہوئی۔

تکلیف کے بعد خاتون کو میدان عرفات کے قریب واقع جبل الرحمت نامی ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں انہوں نے ایک بیٹے کو جنم دیا۔رپورٹ میں بتایا کہ بچے کے جنم کے بعد ماں اور بچے کی صحت بہتر ہے۔

ہسپتال عملے کی جانب سے بہتر خدمات کرنے پر بچے کے والد نے اپنے بیٹے کا نام جبل الرحمت ہسپتال کے ڈائریکٹر کی نسبت سے ‘وضاح’ رکھا ہے۔

علاوہ ازیں سعودی حکومت کی جانب سے بچے کے والد اور بچے کی ہسپتال میں بنائی گئی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔

ویڈیو میں بچے اور ان کے والد کو دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شام کی خانہ جنگی میں بچھڑے بھائی حج کے موقع پر مل گئے

اس سے قبل حج کے لیے ہی اردن سے آنے والا ایک عازم 7 سال بعد اپنے بچھڑے ہوئے بھائی سے ملا تھا۔

اردن سے آنے والا عازم 2011 میں شام میں خانہ جنگی کے بعد اپنا وطن چھوڑ گیا تھا۔

تاہم 7 سال بعد جب وہ سعودی عرب حج کے لیے پہنچا تو انہوں نے وہیں اپنے بھائی کو دیکھا اور انہیں گلا لگا کر جذباتی ہوگئے۔

دونوں بھائیوں کے گلے ملنے کے دوران رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔

Read Comments