ہولی وڈ فلموں میں چانس نہ ملنے پر شاہ رخ خان بول پڑے
بولی وڈ کے رومانس کنگ شاہ رخ خان نے یوں تو اپنے 25 سالہ فلمی کیریئر میں شاندار ہندی فلمیں دی ہیں اور انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کا سپر اسٹار مانا جاتا ہے۔
تاہم یہ حیران کن بات ہے کہ 52 سالہ شاہ رخ خان نے آج تک دیگر ساتھی اداکاروں نواز الدین صدیقی، عرفان خان، امیتابھ بچن، انیل کپور، انوپم کھیر، پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون اور ایشوریا رائے کی طرح کسی بھی ہولی وڈ فلم میں کام نہیں کیا۔
صرف شاہ رخ خان ہی نہیں بلکہ بولی وڈ کے دیگر خانز یعنی سلمان خان اور عامر خان نے بھی آج تک کسی ہولی وڈ فلم میں کام نہیں کیا۔ہولی وڈ فلموں میں کام نہ کرنے کے حوالے سے زیادہ تر بولی وڈ خانز سے سوالات بھی پوچھے جاتے رہے ہیں۔
کسی ہولی وڈ فلم میں کام نہ کرنے کے سوال پر شاہ رخ خان نے پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے اہم بیان دیا ہے، جسے سن کر کئی افراد حیران رہ گئے۔
ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے ایک نشریاتی ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ آج تک انہیں کسی بھی ہولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں ہوئی۔