ہولی وڈ فلموں میں چانس نہ ملنے پر شاہ رخ خان بول پڑے

اپ ڈیٹ 27 اگست 2018

ای میل

میری انگریزی اچھی نہیں، اداکار—فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا
میری انگریزی اچھی نہیں، اداکار—فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ کے رومانس کنگ شاہ رخ خان نے یوں تو اپنے 25 سالہ فلمی کیریئر میں شاندار ہندی فلمیں دی ہیں اور انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کا سپر اسٹار مانا جاتا ہے۔

تاہم یہ حیران کن بات ہے کہ 52 سالہ شاہ رخ خان نے آج تک دیگر ساتھی اداکاروں نواز الدین صدیقی، عرفان خان، امیتابھ بچن، انیل کپور، انوپم کھیر، پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون اور ایشوریا رائے کی طرح کسی بھی ہولی وڈ فلم میں کام نہیں کیا۔

صرف شاہ رخ خان ہی نہیں بلکہ بولی وڈ کے دیگر خانز یعنی سلمان خان اور عامر خان نے بھی آج تک کسی ہولی وڈ فلم میں کام نہیں کیا۔ ہولی وڈ فلموں میں کام نہ کرنے کے حوالے سے زیادہ تر بولی وڈ خانز سے سوالات بھی پوچھے جاتے رہے ہیں۔

کسی ہولی وڈ فلم میں کام نہ کرنے کے سوال پر شاہ رخ خان نے پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے اہم بیان دیا ہے، جسے سن کر کئی افراد حیران رہ گئے۔

ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے ایک نشریاتی ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ آج تک انہیں کسی بھی ہولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں ہوئی۔

آج تک کسی ہولی وڈ فلم میں کام کی پیش کش نہیں ہوئی، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک
آج تک کسی ہولی وڈ فلم میں کام کی پیش کش نہیں ہوئی، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک

شاہ رخ خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ شاید ان کی انگریزی اچھی نہیں ہے، اس لیے انہیں کسی ہولی وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں کنگ خان کا کہنا تھا کہ اگر ہولی وڈ کو ان سے کام کروانا ہے تو وہ ان سے رابطہ کریں وہ کام کے لیے ان کے پاس نہیں جاسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ کے ’تھور‘ بولی وڈ فلم میں کام کے لیے تیار

شاہ رخ خان نے ہولی وڈ فلموں میں کام کرنے والے بھارتی اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے متعدد ساتھی اداکاراؤں نے دنیا کی سب سے معتبر سمجھی جانے والی فلم انڈسٹری میں اچھا کام کیا۔

خوشی ہوگی کہ ٹام کروز بولی وڈ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کریں، شاہ رخ—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
خوشی ہوگی کہ ٹام کروز بولی وڈ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کریں، شاہ رخ—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

شاہ رخ خان نے ہولی وڈ انڈسٹری کو چاند سے تشبیح دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاند کو ہر روز دیکھتے ہیں اور انہیں چھونے کی خواہش بھی کرتے ہیں، مگر وہ اسے چھو نہیں سکتے۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہوگی کہ کسی دن ہولی وڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز بولی وڈ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کریں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ فلم ’قابل‘ کا ہولی وڈ ریمیک

خیال رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ‘زیرو’ کی تشہیر میں مصروف ہیں، اس فلم میں ان کے ساتھ کترینہ کیف اور انوشکا شرما کام کرتی نظر آئیں گی۔

آنند ایل رائے کی اس فلم میں شاہ رخ خان بونے شخص کے کردار میں نظر آئیں گے، جب کہ سلمان خان بھی اس فلم میں مختصر کردار میں دکھائی دیں گے۔

فلم کو رواں برس 21 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔