رنویر کے ساتھ فلم کرنا میرے لیے اعزاز ہے، کرینہ کپور
بولی وڈ بیبو کرینہ کپور خان اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ جوشیلے اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ فلم میں کام کرنے جارہی ہیں، جس کے لیے وہ کافی پرجوش بھی ہیں۔
یہ دونوں اداکار کرن جوہر کی ہدایات میں بننے والی تاریخی فلم ’تخت‘ میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
لیکمے فیشن ویک کے دوران دیے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’یہ بہترین ہے کہ اتنے سالوں بعد میں آخر کار رنویر کے ساتھ فلم میں کام کرنے جارہی ہوں، وہ ایک شاندار اداکار ہے، ان کے ساتھ فلم کرنا میرے لیے اعزاز ہے، میں بہت خوش ہوں‘۔
مزید پڑھیں: رنویر اور کرینہ بہن بھائی؟
کرن جوہر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے کرینہ کپور نے کہا کہ ’میں ماضی میں دھرما پروڈکشنز کی بہت سی فلموں میں کام کرچکی ہوں، لیکن کرن کی ہدایات میں بننے والی فلم میں بہت عرصے بعد کام کررہی ہوں، کرن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ہمیشہ ہی بہترین ہوتا ہے‘۔