Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2018 05:22pm

'برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہر دینے والوں کی شناخت کرلی'

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہر دینے والے 2 مشتبہ افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر کو برطانیہ نے سابق روسی ایجنٹ کو زہر دینے سے متعلق واقعے میں روس کے صدر ولادی میر پوٹن کو ’اصل قصوروار' ٹھہراتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔

لندن حکام نے روسی ملٹری انٹیلی جنس کے دو اراکین پر سابق روسی جاسوس سرگئی سکرپال اور ان کی صاحبزادی یولیا کو جنوبی وسطی شہر سیلزبری میں قتل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: روسی جاسوس کے قتل کی کوشش،’صدر پوٹن اصل قصوروار ہیں‘

ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر نے واضح کیا کہ ’یقیناً ہم نے چھان بین کرلی اور ہم جانتے ہیں کہ وہ کون ہیں اور انہیں تلاش کرلیا گیا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں امید ہے کہ وہ خود دنیا کے سامنے آکر ساری حقیقت بتادیں، یہ ہی سب کے حق میں بہتر ہوگا‘۔

مزید پڑھیں: عالمی ادارے کی سابق روسی جاسوس کو زہر دیئے جانے کی تصدیق

دونوں مشتبہ افراد کا تعلق روسی انٹیلی جنس ایجنسی سے ہونے کے حوالے سے سوال پر ولادی میر پوٹن نے کہا کہ ’یقیناً وہ روسی شہری ہیں، میں ان سے اپیل کرتا ہوں، وہ میڈیا کے سامنے آجائیں‘۔

خیال رہے کہ برطانوی حکام نے الزام عائد کیا تھا کہ ’روسی جنرل اسٹاف اور وزارت دفاع کے سینئر اراکین نے صدارتی دفتر سے احکامات پر عمل کیا‘۔

گزشتہ برس 4 مئی کو سابق روسی جاسوس سرگئی اسکرپال پر روس کے ہی تیار کردہ اعصاب شل کر دینے والے زہر 'نووی چوک' سے حملہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: یورپین ممالک کی برطانیہ سے اظہار یک جہتی، روسی سفارت کار معطل

اس حملے میں ان کی صاحبزادی اور ایک پولیس اہلکار بھی متاثر ہوئے تھے۔

رواں برس 13 اپریل کو عالمی کیمیائی ہتھیاروں کی نگرانی کرنے والے ادارے نے سابق روسی جاسوس کو زہر دیئے جانے کے برطانوی دعوے کی تصدیق کی تھی۔

Read Comments