Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018 12:53am

فخر زمان نے ڈیبیو ٹیسٹ میں منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے فخر زمان نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں فخر زمان نے اپنی پہلی ہی ٹیسٹ اننگز میں مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم کو کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ مشکلات کے بھنور سے نکال کر یادگار اننگز کھیلی تھی۔

مزید پڑھیں: عباس کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان کو 281رنز کی برتری حاصل

پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 57رنز پر 5وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی جس کے بعد فخر زمان نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ 147رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا تھا۔

انہوں نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ اننگز میں 94رنز بنائے لیکن بدقسمتی سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔

میچ کی دوسری اننگز میں بھی انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 66رنز کی اننگز کھیل کر اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔

مایہ ناز بلے باز نے اس اننگز کے ساتھ ہی ایک منفرد ریکارڈ قائم کردیا اور وہ ڈیبیو پر دونوں اننگز میں نصف سنچری بنانے والے پاکستان کی تاریخ کے پہلے اوپنر بن گئے اور ان سے قبل کوئی بھی پاکستانی ٹیسٹ اوپنر یہ ریکارڈ اپنے نام نہیں کر سکا۔

یہ بھی پڑھیں: ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے ہی دن کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے

یاد رہے کہ فخر زمان ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 1ہزار رنز کے ساتھ ساتھ کیریئر کی کم ترین اننگز میں 200رنز کی اننگز کھیلنے کے عالمی ریکارڈ کے مالک بھی ہیں۔

انہیں ناصرف کسی ٹی20 انٹرنیشنل کے فائنل کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ حاصل ہے جبکہ وہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں سنچری بنانے والے بھی واحد بلے باز ہیں۔

Read Comments