Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2019 11:52pm

پاک فضائیہ کا جے ایف17سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر ملٹی رول لڑاکا طیارے سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جس سے طیارے کو اب دن اور رات میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'نصر' کا کامیاب تجربہ

— فوٹو : ڈان نیوز

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق یہ تجربہ ملکی دفاع میں ایک عظیم سنگ میل کی حیثیت کا حامل ہے جو قابل فخر پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، جنہوں نے جے ایف 17 تھنڈر کو ملکی سطح پر تیار کردہ جدید میزائل سے لیس کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس کامیاب تجربے سے جے ایف 17 تھنڈر کو دن اور رات میں طویل فاصلے کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا غوری میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ

اس موقع پر پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر دشمن نے ہم پر جارحیت مسلط کی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

Read Comments