Dawn News Television

شائع 24 مارچ 2019 12:36am

گوتم گمبھیر نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گوتم گمبھیر بھارت میں ہونے والے انتخابات میں امیدوار کے طور پر سامنے آئیں گے کہ نہیں اس کا فیصلہ بی جے پی کا پینل کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 90 لاکھ فالوورز کے ساتھ گوتم گمبھیر بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی مہم کو مزید تقویت فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں: بی جے پی حکومت پر تنقید کا الزام، پروفیسر گھٹنے ٹیک کر معافی مانگنے پر مجبور

خیال رہے کہ بھارت میں 11 اپریل سے 23 مئی تک عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔

نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے بھارتی ٹیم کے سابق بلے باز بھارت کے لیے 2 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں بھی اپنے کلب کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اسے 2 فتح دلائی ہیں۔

بھارتی وزارت خزانہ ارن جیٹلے کی جانب سے متعارف کرائے جانے پر 37 سالہ گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ ’میں نے ہمارے وزیر اعظم اور ان کے نظریے سے متاثر ہوکر اس جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: انتخابات میں 'بی جے پی' کو شکست دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کا اتحاد

ان کا کہنا تھا کہ ’میں کرکٹ میں جو کچھ کرسکتا تھا، کر چکا، اور اب یہ، سب سے بہترین پلیٹ فارم کے ذریعے ملک کے لیے حقیقی طور پر کچھ کرنا چاہتا ہوں، اس جماعت کو آگے لے کر جانا ہے اور اس ملک کو رہنے کے لیے سب سے بہتر جگہ بنانی ہے‘۔

ارن جیٹلے کا کہنا تھا کہ جماعت کی الیکشن کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ گمبھیر کو امیدوار نامزد کرنا ہے کہ نہیں۔

خیال رہے کہ گوتم گمبھیر سے قبل معروف بلے باز نوجوت سنگھ سدھو بھی بی جے پی کی جانب سے قانون ساز رہ چکے ہیں تاہم انہوں نے 2017 میں اپوزیشن جماعت کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

بی جے پی میں کئی معروف شخصیات بالخصوص اداکار شامل ہیں جن میں سب سے اہم کابینہ کی وزیر سمریتی ایرانی، ایم پی کرن خیر اور دہلی پارٹی کے سربراہ منوج تیواری شامل ہیں۔

Read Comments