Dawn News Television

شائع 01 ستمبر 2019 07:54pm

حب ندی میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ڈوب گئے

بلوچستان کے علاقے حب میں ندی میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ڈوب گئے۔

واقعہ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے حب میں ماہی گاڑی کے مقام پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق انہیں کریش کارخانے کے عملے نے کچھ افراد کے حب ندی میں ڈوبنے کی اطلاع دی تھی جس پر ریسکیو کا عملہ اور پولیس موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا۔

مزید پڑھیں: گڈانی: پکنک پوائنٹ پر نہاتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد ڈوب گئے

ایس ایچ او ساکران کے مطابق ریسکیو عملے نے 4 افراد کی لاشیں حب ندی سے نکال لیں جبکہ ایک 4 سالہ بچی کی لاش کی تلاش کا کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں میں 34 سالہ خاتون، 13 سالہ اور 4 سالہ دو لڑکیاں اور ایک 20 سے 28 سالہ مرد شامل ہے۔

خیال رہے کہ متاثرہ خاندان کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خیر آباد سے تھا جو پکنک منانے کے لیے حب ندی آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے ساحلوں پر داخلے، نہانے پر پابندی

اس سے قبل جون 2018 میں بلوچستان کے علاقے حب میں ساحلِ سمندر گڈانی کے پکنک پوائنٹ پر نہاتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد ڈوب گئے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد گرمی اور اسکول کی تعطیلات کے باعث پکنک منانے کے لیے بلوچستان کے ساحل سمندر گڈانی اور حب ڈیم یا حب ندی کا رخ کرتی ہے۔

Read Comments