Dawn News Television

شائع 17 اکتوبر 2019 07:43pm

سام سنگ گلیکسی ایس 10 کے فنگرپرنٹ سنسر میں مسئلہ سامنے آگیا

سام سنگ کے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 میں فنگرپرنٹ سنسر کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہے اور کمپنی نے بھی اس کا اعتراف کرتے ہوئے جلد سافٹ وئیر اپ ڈیٹ جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک برطانوی صارف نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گلیکسی ایس 10 میں ایک بگ سامنے آیا ہے جو صارف کی بجائے کسی کے بھی فنگرپرنٹ سے ڈیوائس کو ان لاک کردیتا ہے۔

اس صارف نے ایک تھرڈ پارٹی اسکرین پروٹیکٹر خریدا تھا، جس کے بعد اس کے شوہر نے اپنے فنگرپرنٹ سے فون ان لاک کردیا، حالانکہ اس کی انگلیوں کے نشان ڈیوائس میں رجسٹر نہیں تھے۔

سام سنگ نے کسٹمر سپورٹ ایپ میں اس مسئلے کا نوٹس لیا جبکہ جنوبی کوریا کے آن لائن بینک کاکاﺅ بینک نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ اس وقت تک گلیکسی ایس 10 میں فنگرپرنٹ کے ذریعے فون لاک یا ان لاک کرنے کا سلسلہ منقطع کردیں جب تک مسئلہ حل نہیں ہوجاتا۔

خیال رہے کہ رواں سال مارچ سے صارفین کو دستیاب گلیکسی ایس 10 سام سنگ کا پہلا فون تھا جس میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر دیا گیا تھا اور کمپنی نے اسے بائیومیٹرک تصدیق کا انقلابی فیچر قرار دیا تھا۔

یہ تو واضح نہیں کہ مسئلہ اصل میں ہے کیا، مگر گلیکسی ایس 10 میں الٹرا سانک سنسر فنگرپرنٹ کی شناخت کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

پلاسٹک یا سیلیکون اسکرین پروٹیکٹر سے وہ متاثر ہوسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سام سنگ کی جانب سے صارفین کو منظورہ شدہ پروٹیکٹر خریدنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

سام سنگ نے اس حوالے سے ٹیکنالوجی سائٹ انگیجیٹ کو بتایا 'ہم اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں، ہم اپنے تمام صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ سام سنگ کی منظورہ کردہ ایسیسریز استعمال کریں جو صرف سام سنگ منصوعات کے لیے ڈیزائن کی گئی ہو'۔

Read Comments