Dawn News Television

شائع 02 مارچ 2020 11:28pm

انسانوں کی مدد کے بغیر چلنے میں کامیاب ہونے والا روبوٹ تیار

اگر آپ نے ڈزنی اسٹوڈیوز کی مشہور زمانہ انیمیٹڈ فلم بامبی دیکھی ہے تو اس ہرن کی کہانی نے ضرور متاثر کیا ہے اور اب گوگل نے ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو اس کی طرح چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بہت زیادہ متاثر کن ہے۔

گوگل کے جارجیا انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی اور کیلیفورنیا یونیورسٹی بارکلے کے محققین نے اس حوالے سے مقالہ شائع کیا ہے جس میں اس روبوٹ کی تیاری میں کامیابی کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں جس کو چلنے کی تربیت دینے کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا۔

ڈیپ رینفورسمنٹ لرننگ نامی اے آئی ٹیکنالوجی کو اس روبوٹ میں استعمال کیا گیا جو کہ 2 مختلف اقسام کی اے آئی ٹیکنالوجیز کا امتزاج ہے۔

اس میں ایک الگورتھم کسی ٹاسک کو سیکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ ڈیپ لرننگ سے سسٹمز کو ڈیٹا ان پٹ کو پراسیس اور آگے بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

عام طور پر اس طرح کے الگورتھمز کو متحرک کمپیوٹر ماحول میں استعمال کیا جاتا ہے مگر گوگل کے محققین نے اپنے کام کو حقیقی دنیا تک بڑھانے میں کامیابی حاصل کی۔

اس روبوٹ کو سپاٹ سطح پر لایا گیا جہاں اس نے ڈیڑھ گھنٹے میں چلنا سیکھ لیا، اس کے بعد اسے ذرا مشکل سطح پر رکھا گیا جہاں پر چلنے کے لیے اسے ساڑھے 4 سے 5 گھنٹے کا وقت لگا۔

یہ روبوٹ انسانوں کی مدد کے بغیر چلنا سیکھتے ہیں اور کچھ خامیوں پر الگورتھم میں مینوئلی تبدیلیاں کرکے روبوٹ کو مختلف ٹاسک مکمل کرنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ موثر طریقے سے چلنے والے روبوٹس کی تیاری روبوٹیکس ٹیکنالوجی کا مستقبل ہے، کیونکہ اس وقت انسانوں کے تیار کردہ متعدد مقامات ایسے ہیں، جہاں روبوٹ ٹانگیں استعمال نہ کرسکیں تو وہ انسانوں کی دنیا میں گھوم نہیں سکتے۔

Read Comments