Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2020 12:40pm

بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

بلوچستان میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا، جس کے بعد سال 2020 میں صوبے میں مذکورہ کیسز کی تعداد 5 ہوگئی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا کہ بچے کا تعلق پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے گھرانے سے ہے، ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ بچے کے پولیو سے متعلق نمونے 26 اور 27 فروری کو لیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ مذکورہ کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 17 فروری کو ملک بھر میں رواں سال کی پہلی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا مقصد 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کو پولیو کی ویکسین پلانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں پولیو وائرس کا نیا کیس سامنے آگیا، رواں سال تعداد 18 ہوگئی

یاد رہے کہ پولیو ایک انتہائی معتدی مرض ہے جو زیادہ تر 5 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو اپنا شکار بناتا ہے، یہ اعصابی نظام پر اثر انداز ہو کر معذوری بلکہ موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

پولیو کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا البتہ ویکسینیشن بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

ہر مرتبہ جب ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جاتے ہیں تو وائرس سے اس کی حفاظت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

Read Comments