Dawn News Television

شائع 02 فروری 2021 06:06pm

آئی فون میں فیس ماسک پہننے پر بھی ان لاک کرنے کا نیا فیچر متعارف

کورونا وائرس کی وبا کے باعث مختلف ممالک میں فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا جاچکا ہے۔

مگر اس سے ان اسمارٹ فونز صارفین کے لیے مسئلہ ہورہا ہے جو اپنی ڈیوائس کو چہرے کی مدد سے ان لاک کرتے ہیں، خاص طور پر ایپل کے آئی فونز میں۔

یہی وجہ ہے کہ ایپل کی جانب سے ایک نیا فیس آئی ڈی فیچر متعارف کرائے جانے پر کام کیا جارہا ہے جس کی مدد سے صارفین فیس ماسک اتارے بغیر اپنے آئی فون کو ان لاک کرسکیں گے۔

یہ فیچر اس وقت آئی او ایس 14.5 کے بیٹا ورژن میں موجود ہے۔

آئی او ایس 14.5 میں فیس آئی ڈی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ فیس ماسک پہن کر بھی ڈیوائس کو ان لاک کرسکیں۔

یہ فیچر ایپل واچ او ایس 7.4 کے بیٹا ورژن میں بھی موجود ہے جو ڈیوائسز کو فیس ماسک پہننے پر بھی خودکار طور پر ان لاک کرنے میں مدد دے گا۔

تاہم یہ فیچر ایپل واچ کے ذریعے ہی کام کرے گا جو کلائی پر پہننا ہوگی جس کے بعد ہی آئی فون فیس آئی ڈی سے ان لاک ہوسکے گا۔

اگر ایپل واچ کے رسٹ ڈیٹکشن فیچر کو ڈس ایبل کردیا جائے گا تو آئی فون کو فیس ماسک پہن کر ان لاک نہیں کیا جاسکے گا۔

اسی طرح آئی فون کو ایپل واچ کی مدد سے فوری طور پر ری لاک بھی کیا جاسکے گا۔

اس سے پہلے آئی او ایس 13.5 میں بھی فیس ماسک کا استعمال کرتے ہوئے فیس آئی ڈی کے افعال میں کچھ تبدیلی کی گئی تھی۔

اس تبدیلی سے فیس ماسک پہننے پر صارف ایک پاس کوڈ کے ذریعے آئی فون کو ان لاک کرسکتا ہے، آسان الفاظ میں پاس کوڈ نے فیس آئی ڈی ان لاک آپشن کی جگہ لے لی۔

اب یہ نیا فیچر کب تک صارفین کو دستیاب ہوگا یہ ابھی واضح نہیں، کیونکہ فی الحال یہ بیٹا ورژن میں ہے۔

Read Comments