Dawn News Television

شائع 07 اپريل 2021 12:19am

کراچی: رشتہ دار ڈاکٹر کے ریپ کے ملزمان دو بھائیوں کا عدالتی ریمانڈ منظور

کراچی کی مقامی عدالت نے مبینہ طور پر خاتون ڈاکٹر کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار دو بھائیوں کا عدالتی ریمانڈ منظور کر لیا۔

کلفٹن میں 26 مارچ کو پولیس نے دونوں افراد کے خلاف اپنی کزن کا مبینہ طور پر ریپ کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر کی زبانی ریپ کی شکار 6 سالہ بچی کو بچائے جانے کی داستان

منگل کو تفتیشی افسر نے دونوں بھائیوں سے تفتیش اور بازپرس کے سلسلے میں جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) کے روبرو پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے جج کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے مطابق وہ ایک ڈاکٹر ہیں اور کراچی میں تنہا رہتی ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی حراست میں موجود ان کے کزن نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ملزم نے انہیں 26 مارچ کو کلفٹن کے ایک ریسٹورنٹ میں بلایا جہاں سے وہ انہیں ایک فلیٹ میں لے گئے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کا بھائی بھی فلیٹ میں موجود تھا جہاں دونوں نے متاثرہ لڑکی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، بعد ازاں دونوں نے ڈاکٹر کو بندوق کی نوک پر خاموش رہنے کو کہا اور اس واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

یہ بھی پڑھیں: دفتر کے ساتھی نے ’بلیک میل کر کے لڑکی کا ریپ‘ کردیا

انہوں نے جج سے استدعا کی کہ تفتیش اور قانونی رسمی کارروائیوں کے لیے پولیس کی تحویل میں موجود ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے کیونکہ تفتیش ابھی تک نامکمل ہے۔

تاہم جج نے دونوں ملزمان کو تین دن کے لیے عدالتی تحویل میں دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو اگلی تاریخ پر عدالت میں پیش کریں۔

جج نے اس وقت تک تفتیشی افسر کو متاثرہ لڑکی کا جسمانی معائنہ کروا کراگلی تاریخ کو تحقیقات رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

متاثرہ لڑکی نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کلفٹن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

Read Comments