Dawn News Television

شائع 27 اپريل 2021 05:20pm

سندھ کابینہ کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے پاک فوج کی خدمات لینے کی منظوری

سندھ کابینہ نے صوبے میں کووڈ 19 کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی خدمات لینے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سندھ (ریپیل آف پولیس ایکٹ 1861 اینڈ ریوائیول آف پولیس آرڈر 2002) ترمیمی ایکٹ 2019 میں ترمیی تجاویز کی بھی منظوری دے دی گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ ترمیم کے تحت پولیس میں شہید، وفات اور مستقل طور پر معذوری کوٹہ کو قانونی تحفظ دیا گیا ہے۔

عبدالرشید چنا کے مطابق کابینہ نے ترمیم منظوری کرکے اسمبلی بھیج دی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے کووڈ 19 کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی خدمات لینے کی منظوری دے دی۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیوٹی کے دوران اگر کوئی سرکاری ملازم کووڈ کی وجہ سے انتقال کر جاتا ہے تو حکومت اس کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دے گی۔

عبدالرشید چنا کے مطابق یہ معاوضہ کنٹریکٹ ملازمین کے لیے بھی ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر اور وبا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مختلف شہروں میں فوجی دستے تعینات ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 24 اپریل کو وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عوام میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے میں نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریضوں کی تعداد 3 سے 4 گنا بڑھ گئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

25 اپریل کو وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

27 اپریل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ آج صبح 6 بجے سے ملک کے طول و عرض میں ہر ضلعے کی سطح پر فوج کے جوان سول اداروں کی مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں، آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں ہر انتظامی ڈویژن کی سطح پر ایک ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان 16 شہروں میں اس ہی مناسبت سے پاکستان آرمی کی تعیناتی کردی گئی ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 4 ہزار 487 افراد کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا 142 مریض انتقال کر گئے۔

کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کی جائے تو ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں بھی کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 727 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 272 ہو گئی ہے۔

Read Comments