کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2021
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس نوٹیفکیشن میں ابھی صوبہ سندھ شامل نہیں ہے — تصویر: ڈان نیوز
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس نوٹیفکیشن میں ابھی صوبہ سندھ شامل نہیں ہے — تصویر: ڈان نیوز

وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایس او پیز نافذ کرنے کے لیے فوج کی خدمات لیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اس نوٹیفکیشن میں ابھی صوبہ سندھ شامل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بڑھتے کیسز کے پیش نظر خیبر پختونخوا حکومت کی وفاق سے فوج بھیجنے کی درخواست

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ ملک میں سیلاب زلزلے سمیت تمام قدرتی آفات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔

چنانچہ 23 اپریل کو وزیراعظم عمران کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں یہ طے ہوا تھا کہ کووِڈ 19 ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کی خدمات لی جائیں گی اور انہیں تمام صوبوں میں یہ ذمہ داری دی جائے، اس لیے آج وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے کیوں کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں یومیہ ساڑھے 3 سے 4 لاکھ کیسز سامنے آرہے ہیں ایسی صورتحال میں پاک فوج کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے تا کہ صحیح طور پر کووِڈ 19 کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: جڑواں شہروں میں ایس او پیز پر عمل کروانے کیلئے پاک فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

خیال رہے کہ ملک کو کورونا وائرس کی تیسری لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور وبا کے پھیلاؤ میں شدت آتی جارہی ہے، اس دوران صرف اپریل کے مہینے میں 16دن یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار سے زائد رہی۔

دو روز قبل قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کررہے ہیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں اس لیے وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جس طرح کورونا وائرس کے کسیز میں جس طرح تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے میری اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں، ہم بار بار ایس او پیز کا کہتے ہیں پر لوگ اس پر توجہ نہیں دیتے لیکن صرف ماسک لگانے سے ہمارا 50 فیصد مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وائرس کا پھیلاؤ: این سی او سی نے لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ آج سے عید تک عوام ایس او پیز پر عمل کرلیں تو شاید ہمیں وہ اقدامات نہیں اٹھانے پڑیں گے جو بھارت کو کرنا پڑا یعنی شہروں کا لاک ڈاؤن کرنا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ عوام میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے میں نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔

وزیراعظم کے اعلان کے بعد تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں کی جانب سے پاک فوج کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ سے درخواست کی گئی تھی جس پر آج نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تاہم ان میں صوبہ سندھ شامل نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں