پاکستان

بھارتی فورسز کے سید علی گیلانی کے خاندان کو ہراساں کرنے پر پاکستان کا اظہار مذمت

عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیرانسانی سلوک اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنے پر بھارت کااحتساب کرے، دفترخارجہ
|

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کے سوگوار خاندان کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان ممتاز کشمیری رہنما سید علی گیلانی مرحوم کے سوگوار خاندان کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے’۔

مزید پڑھیں: سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھیننا، اہلِخانہ کے خلاف مقدمے کا اندراج شرمناک اقدام ہے، وزیراعظم

بیان میں کہا گیا کہ ‘سید علی گیلانی کے اہل خانہ کو ان کی وصیت کے مطابق تدفین کے حق سے محروم کرنے کے بعد بھارتی قابض فورسز نے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمات درج کر کے ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سید علی گیلانی کے خاندان کے ساتھ بھارتی بد سلوکی ان کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے مطالبے سے روک سکے لیکن وہ اس میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ کشمیر کے عوام کا عزم دن بدن مضبوط ہوتا جارہا ہے۔

دفترخارجہ سے جاری بیان میں عالمی برادری سے پر زور مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کے ان سنگین مظالم اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور غیر انسانی، انصاف کے منافی اور غیر قانونی کارروائیوں کے لیے بھارت کا احتساب کریں۔

بھارت کا انسداد دہشت گردی قانون کے تحت تفتیش کا اعلان

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی پولیس نے سید علی گیلانی کے خاندان کے ارکان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے سخت قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سید علی گیلانی کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر جھڑپیں

بھارتی پولیس نے مقدمہ بھارت مخالف نعروں اور سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر درج کیا۔

سید علی گیلانی کے بیٹے نسیم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے ان کے والد کی مقامی قبرستان میں اہل خانہ کی مرضی کے برخلاف تدفین کی اور اس سے پہلے پولیس نے جسد خاکی گھر سے چھین لیا تھا جبکہ بھارتی پولیس نے اس خبر کی تردید کی تھی۔

بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاندان کے افراد اور چند دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، جن کے نام شامل نہیں کیے گئے ہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے قانونی کے تحت تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس نے تاحال کسی کو حراست میں نہیں لیا تاہم نسیم گیلانی کا کہنا تھا کہ پولیس افسران نے گھر کا دورہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

افواج پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے لڑنے کیلئے تمام صلاحیتوں سے لیس ہیں، آرمی چیف

خاتون ٹک ٹاکر دست درازی کیس: 6 ملزمان 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

‘فیکٹ چیک’: امریکی طیارے کی تصویر دکھا کر پنج شیر میں پاکستانی طیارہ گرانے کا جھوٹا دعویٰ