Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2021 06:53pm

'چین مہذب انٹرنیٹ لانا چاہتا ہے جس کی توجہ سوشلسٹ اقدار پر ہو'

چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ان کا ملک نیوز ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز کے لائیکس پر نگرانی کو مضبوط بناتے ہوئے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 'مہذب' انٹرنیٹ کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژن ہوا نیوز کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ برسوں کی تیز رفتار نمو اور تبدیلی کے بعد چین کے ریگولیٹرز ٹیکنالوجی سے لے کر تعلیم اور تفریح تک کئی شعبوں کی سخت نگرانی کے ساتھ معاشرے پر کنٹرول کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: چین میں ٹی وی پر عورتوں سے مشابہہ مرد دکھانے پر پابندی

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سائبر اسپیس کو حکمران کمیونسٹ پارٹی اور اس کی کامیابیوں کے بارے میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق 'تاریخ کے حوالے سے منفی سوچ' کے خلاف واضح مؤقف اختیار کیا جانا چاہیے اور اچھی اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جانا چاہیے جیسے ماڈل ورکرز سے متعلق مقدمات کی تشہیر شامل ہیں۔

چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا تھا کہ 'سائبر اسپیس میں رویے کے اصولوں کو بھی اخلاقیات اور قوانین، جو کہ سوشلسٹ بنیادی اقدار کے مطابق ہے، کو مضبوط بنانا چاہیے'۔

یہ بھی پڑھیں: چین اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کے قریب

رپورٹ میں کہا گیا کہ نوجوانوں کو انٹرنیٹ کو 'صحیح' اور 'محفوظ طریقے سے' استعمال کرنے میں مدد کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کو خود نظم و ضبط اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے مواد پلیٹ فارمز جیسے لائیو اسٹریمنگ کو مضبوط کیا جائے گا اور عوام کو نگرانی میں حصہ لینے کی ترغیب دی جائے گی۔

ژن ہوا کی رپورٹ کے مطابق سائبر کرائم اور نابالغوں کے تحفظ جیسے قوانین کی تشکیل، نظر ثانی اور ان پر عملدرآمد کو بھی تیز کیا جائے گا۔

Read Comments