Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2021 01:34pm

ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 6 ایئرلائنز کو یو اے ای کا فلائٹ آپریشن بند کرنے کا انتباہ

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل نہ کرنے کی صورت میں 6 پاکستانی ایئرلائنز کو خلیجی امارات کے لیے فلائٹ آپریشن بند کرنے کا انتباہ دے دیا۔

سی اے اے کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کی جانب سے انتباہ کا مراسلہ پی آئی اے، ایئر بلیو، سیرین ایئر، ایئرسیال، ویژن ایئر اور ایئر فیلکن کو جاری کیا گیا۔

مراسلے میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن نے 2 ’ایس اے ایف اے‘ معائنہ رپورٹس جاری کیں جن میں ایئرلائنز کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ملکی ایئرلائنز کی بین الاقوامی چارٹرڈ پروازیں روکنے کا فیصلہ

مراسلے میں کہا گیا کہ یو اے ای ایئرپورٹ پر پروازوں کے حوالے سے شرائط نہایت واضح طور پر بتائی گئی تھیں اس کے باوجود ان کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

مراسلے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کیبن میں نشستوں کی صرف ایک قطار وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص کرنے، ان میں ایک میٹر کا ناکافی فاصلہ رکھنے اور کیبن کے عملے کے پی پی ای نہ پہننے کی نشاندہی کی ہے۔

ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کا کہنا تھا کہ اس قسم کی خلاف ورزیاں نہ صرف ایئرلائنز بلکہ ملک اور ریگولیٹر کے لیے بھی ہزیمت کا باعث ہیں۔

چنانچہ ایئرلائنز کو خبردار کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات کی تمام پروازوں کے لیے جی سی اے اے کے اعلان کردہ قومی حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

مزید پڑھیں: کورونا: سول ایوی ایشن نے دبئی سے پشاور پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا

ساتھ ہی یو اے ای حکام کے جاری کردہ کورونا ایس اوپیز پر دوبارہ عملدرآمد میں ناکامی پر متعلقہ ایئر لائن کا یو اے ای کے لیے فلائٹ آپریشن بند کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق مستقبل میں ان ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ایئرلائن کی یو اے ای کے لیے فلائٹ آپریشن کی اجازت منسوخ کی جاسکتی ہے۔

Read Comments