Dawn News Television

شائع 09 نومبر 2021 06:45pm

لاہور: 12 سالہ لڑکے کا ریپ، ویڈیو بنانے کے الزام میں 3 افراد گرفتار

لاہور میں پولیس نے 12 سالہ لڑکے کے ساتھ ریپ کرنے اور اس کی ویڈیو بنانے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جس میں کہا گیا کہ لڑکے کو ایک گھر میں لے جایا گیا جہاں ریپ کرتے ہوئے ملزمان نے ویڈیو بھی بنائی۔

مزید پڑھیں: پنجاب: لڑکے کے ریپ، فلم بنانے کے الزام میں امام مسجد سمیت دو ملزمان گرفتار

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان متاثرہ لڑکے کو ’ورغلا اور ڈرا‘ کر ایک گھر میں لے گئے جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

متاثرہ لڑکے کے والد کے مطابق ملزمان نے اس کے بیٹے کو ریپ کا نشانہ بنا کر اس کی ویڈیو مجھے بھیجی تھی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے مشتبہ ملزمان رزاق، سمیر اور نذیر کو گرفتار کرلیا۔

2 ستمبر کو پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں پولیس نے لڑکے کے ساتھ مبینہ ریپ اور واقعے کی فلم بندی کے الزام میں امام مسجد سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

مزیدپڑھیں: پنجاب: خاتون، دو بیٹیوں اور بہو کا 'گینگ ریپ'

پولیس حکام نے بتایا تھا کہ سول لائن پولیس نے ملزمان کو اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا اور شہری کی شکایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

علاوہ ازیں 29 اکتوبر کو لاہور کی سیشن عدالت نے 16 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں سے ملک میں بچوں اور خواتین سے ریپ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں متعدد حلقوں کی جانب سے مجرمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا تھا۔

اگست 2020 میں مقامی این جی او ساحل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ایک ہزار 489 بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور تقریباً روزانہ 8 بچوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مزیدیڑھیں: لاہور: 16 سالہ لڑکی کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید کی سزا

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ان بچوں میں 785 بچیاں اور 704 بچے تھے۔

'کروول نمبرز' کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 822 کیسز میں ملزمان متاثرہ بچوں یا بچوں کے والدین کو جانتے تھے جبکہ 135 کیسز میں اجنبی افراد ملوث تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 98 مقدمات میں متاثرین کی عمریں ایک سال سے 5 سال، 331 میں 6 سال سے 10 سال کے درمیان جبکہ سب سے زیادہ 490 واقعات میں متاثرین کی عمریں 11 سال سے 15 سال کے درمیان تھیں۔

Read Comments