لاہور: 16 سالہ لڑکی کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید کی سزا

29 اکتوبر 2021
ملزم کے خلاف فیصلہ 14گواہوں کے قلم بیان کی روشنی میں سنایا گیا— فائل فوٹو: ڈان
ملزم کے خلاف فیصلہ 14گواہوں کے قلم بیان کی روشنی میں سنایا گیا— فائل فوٹو: ڈان

لاہور کی سیشن عدالت نے 16 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

دوران سماعت ایڈیشنل سیشن جج میاں شاہد جاوید نے ٹرائل مکمل ہونے پر مقدمے کا فیصلہ سنایا جس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم نوید کو عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم متاثرہ لڑکی کو ذہنی اذیت، جسمانی تشدد اور صدمے میں مبتلا کرنے پر 3 لاکھ روپے بطور زرِ تلافی ادا کرے گا اور اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو ملزم کی سزا میں مزید 6 ماہ کا اضافہ کردیا جائے گا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے متاثرہ لڑکی کو گھر میں اکیلی پا کر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 7 سالہ بچی کے 'ریپ' میں ملوث 16 سالہ لڑکا گرفتار

ملزم کے خلاف فیصلہ 14 گواہوں کے قلم بند کیے گئے بیان کی روشنی میں سنایا گیا جبکہ ملزم کا کہنا تھا کہ اس پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔

واقعہ سال 2020 میں پیش آیا اور اس کا مقدمہ تھانہ ہئیر میں درج ہے مقدمے میں زیادتی اور تشدد کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل راولپنڈی کی عدالت نے بھی 5 سالہ بچی کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزائے موت سنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: 5 سالہ بچی کے ریپ کا الزام ثابت، مجرم کو سزائے موت

عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم 37 سالہ منیر احمد کو 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

اس طرح کا ایک واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پیش آیا تھا جس میں مجرم محمد ارشاد نے 6 سالہ بچی کو اغوا کیا تھا اور اسے ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔

جج نے مجرم ارشاد کو تین مرتبہ سزائے موت سنائی اور فیصلے پر عمل درآمد کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں