Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2021 03:33pm

سعودی عرب نے پاکستان سے براہِ راست پروازوں پر پابندی ختم کردی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے سفری پابندی ہٹاتے ہوئے یکم دسمبر سے پاکستان سے براہِ راست پروازوں کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ سعودی عرب کی ہدایت پر آئندہ ہفتے بدھ سے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے جن ممالک سے سفری پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے ان میں پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، مصر، برازیل اور ویتنام شامل ہیں اور ان ممالک کے شہریوں کو کسی بھی تیسرے ملک میں 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے پاکستان سمیت کئی ممالک کیلئے سفری پابندیوں میں اضافہ کردیا

سعودی عرب نے ان 6 ممالک کے مسافروں پر عارضی پابندیاں عائد کی تھیں جنہوں نے ملک میں کورونا وائرس ویکسین کی 2 خوراکیں نہیں لی تھیں۔

سعودی سول ایوی ایشن نے سعودی عرب میں آپریٹ کرنے والی ایئرلائنز کو جاری کردہ ہدایت میں کہا ہے کہ’ وہ جمہوریہ انڈونیشیا، اسلامی جمہوریہ پاکستان، وفاقی جمہویہ برازیل، سماجی جمہوریہ ویتنام، عرب ریپلک مصر اور بھارت کو براہِ راست پروازوں کی اجازت دی جارہی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو 14 روز ملک سے باہر قرنطینہ میں گزارنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا ویکسینیٹڈ سیاحوں کیلئے سرحدیں کھولنے کا اعلان

ہدایت میں کہا گیا ہے کہ مملکت سے باہر مسافروں کی ویکسین سے قطع نظر ادارتی قرنطینہ کا دورانیہ 5 روز ہوگا اور اس سلسلے میں مخصوص گروپوں کے لیے استثنیٰ پر عمل درآمد جاری رہے گا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جو بھی سعودی عرب کا سفر کرنا چاہتا ہے وہ ٹکٹ کے لیے ایئرلائن سے رابطہ کر سکتا ہے۔

Read Comments