Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اگست 2022 04:28pm

سندھ میں کل سے بارش کے ایک اور اسپیل کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت میں موجود ایک اور بارش کا دباؤ کل سے سندھ میں پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث کراچی سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں ایک بار پھر موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 26 اگست تک جاری رہےگا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ اس وقت بالائی سندھ اور بلوچستان میں انتہائی موسمی دباؤ کے سبب نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، دادو اور قمبر شہدادکوٹ اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان، سندھ میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی، مزید 8 افراد جاں بحق

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹہ، سجاول کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں جاری بارش کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے جو دادو، جامشورو، قمبرشہداد کوٹ اضلاع میں سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔

محکمے کا مزید کہنا تھا کہ ’موسلادھار بارشوں سے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، شکارپور، نوشہرو فیروز، قمبرشہداد کوٹ اور کشمور اضلاع میں مزید پانی جمع ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: 'سندھ میں شدید بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ عمان کی جانب بڑھ گیا'

بلوچستان کے اضلاع خضدار، لسبیلہ اور حب میں پانی کے دباؤ کی وجہ سے کیرتھر رینج میں حب ڈیم، تھڈو ڈیم اور ڈاؤن اسٹریم نالہ پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔

Read Comments