Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 اگست 2022 03:02pm

احسن اقبال نے سیلاب سے بھاری نقصان کا ذمے دار پی ٹی آئی کو قرار دے دیا

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پچھلی حکومت نے اپنے دور میں 177 ارب روپے کے سیلاب سے بچاؤ کے پروگرام پر عملدرآمد نہیں کیا جس سے اس سال سیلاب کے تباہ کن اثرات کو کم کیا جا سکتا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے پیر کو بہتر غذائیت کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ وسیلہ خرک پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران پچھلی حکومت نے نیشنل فلڈ پروٹیکشن پروگرام سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا، اس کے نتیجے میں ملک کو بدترین آفت کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: سیلاب کے باعث پاکستان کو 10 ارب ڈالر کے نقصان کا تخمینہ

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اگر پچھلی حکومت منظور شدہ منصوبے پر عمل کرتی تو صورتحال بالکل مختلف ہوتی لیکن انہوں نے اس منصوبے پر ایک پیسہ بھی خرچ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل فلڈ پراٹیکشن پروگرام کا آغاز ایک مربوط فلڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کرنے کے لیے کیا گیا تھا جس میں ریزروائر آپریشنز، سیلاب کی پیش گوئی اور قبل از وقت وارننگ، سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں اور واٹرشیڈ مینجمنٹ کے لیے 177 ارب روپے مختص کیے گئے تھے لیکن اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ملک کو بدترین آفت کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے فوری طور پر حل طلب تازہ چیلنجوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگر پچھلی حکومت نے نیشنل فلڈ پروٹیکشن پروگرام کے ذریعے کچھ کام کیا ہوتا تو موجودہ سیلاب کی صورتحال مختلف ہو سکتی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ناصرف انسانی جانیں ضائع کی ہیں بلکہ بنیادی ڈھانچے اور معاش کو بھی متاثر کیا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ فصلوں اور معاش کو پہنچنے والے نقصان کا نتیجہ یقینی طور پر آنے والے مہینوں میں شدید غذائی عدم تحفظ کا باعث بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کا ڈیم ٹوٹنے کی افواہوں کی تحقیقات کا حکم

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر غذائی عدم تحفظ کو روکنے کے لیے پائلٹ اقدامات خاص طور پر فوڈ بینک ماڈل کو بڑھایا جائے تاکہ ہمارے غذائیت کے موجودہ اشاریوں کو برقرار رکھا جا سکے۔

Read Comments