پاکستان

بجلی 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

بجلی صارفین پر 95 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، وصولیاں اکتوبر سے 3 ماہ کے لیے کی جائیں گی۔
|

مہنگائی اور بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے پریشان صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اپریل تا جون 2022 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔

نیپرا نے کہا کہ اپریل تا جون سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) کے تحت بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں اکتوبر سے شروع ہوں گی اور 3 ماہ کے لیے کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی مزید 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں صارفین سے اضافی وصولیوں کی درخواست دائر کی تھی جس پر آج سماعت ہوئی۔

نیپرا کے مطابق 3 روپے 20 پیسے اضافےکی مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مدت 30 ستمبر کو ختم ہوجائے گی اور یکم اکتوبر سے 3 روپے 39 پیسے اضافے کا اطلاق کردیا جائے گا، اس طرح بجلی صارفین پر 19 پیسے فی یونٹ اضافی بوجھ پڑے گا۔

بجلی کی اضافی قیمتیں، نوٹی فکیشن کے اجرا کے بعد ستمبر کے بلوں میں تمام صارفین سے وصول کی جائیں گی، اس اضافے کا اطلاق ان صارفین پر نہیں ہوگا جو ماہانہ 50 یونٹ سے کم استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل، نیپرا نے 31 اگست کو بھی ایک ماہ کے لیے بجلی مزید 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری تھی۔

مزید پڑھیں: نیپرا نے بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

یہ منظوری جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے جولائی میں استعمال ہونے والی بجلی کی زیادہ لاگت کی وجہ سے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں مزید 64 ارب روپے اضافی حاصل کرنے کے لیے فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے بڑھانے کے لیے 21 اگست کو درخواست دائر کی تھی۔

پاور ڈویژن کے ذیلی ادارے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جولائی میں صارفین کو فروخت کی جانے والی بجلی کے لیے ڈسکوز کی جانب سے ماہانہ 4 روپے 69 پیسے ایف سی اے کا مطالبہ کیا تھا۔

سی پی پی اے نے دعویٰ کیا تھا کہ جولائی میں صارفین سے ایندھن کی قیمت 6 روپے 29 پیسے فی یونٹ وصول کی گئی جبکہ اصل ایندھن کی لاگت 10روپے 98 پیسے فی یونٹ آئی تھی، اس لیے تقریباً 4روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں۔

اس سے قبل 28 جولائی کو بھی (نیپرا) نے ملک کے مختلف علاقوں کے صارفین کے لیے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔

نیپرا نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری تھی۔

ملک بھر میں ’یوم دفاع‘ قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بعد صرف دھونی نے حوصلہ دیا، کوہلی

کامیڈی شو کی شوٹنگ کے دوران توہین آمیز مذاق پر پروگرام چھوڑنا پڑا، ازیکا ڈینیئل